سپین کا عراق اور افغانستان سے اپنے فوجی نکالنے کا اعلان

منگل 2 جون 2020 11:00

میڈرڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) سپین نے افغانستان و عراق سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ سپین کی وزارت دفاع کے جریدے ال پائیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی کے آخر تک جنوب مشرقی بغداد سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بسمایا علاقے میں گرین کیپٹن اسٹریٹیجک فوجی اڈے سے اپنے تمام فوجیوں کو باہر نکال لے گی۔

کورونا پھیلنے سے قبل تک سپین کے 350 فوجی اس چھاؤنی میں تعینات تھے۔

(جاری ہے)

سپین کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ بسمایا میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کی جانب سے عراقی پولیس کو ٹریننگ دینے کی ذمہ داری ختم ہونا ہے۔ بسمایا فوجی چھاؤنی سے ان فوجیوں کے نکلنے کے بعد عراق میں سپین کے صرف 80 فوجی باقی رہ جائیں گے جو تاجی فوجی اڈے پر تعینات ہیں۔ سپین نے افغانستان سے بھی 2020 ء کے اختتام یا 2021 ء کے شروع میں اپنے فوجیوں کو واپس بلا لینے کی خبر دی ہے۔ سپین کے فوجی گذشتہ 19برسوں سے کابل میں تعینات ہیں اور نیٹو کے مشن کا حصہ ہیں۔