دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 63 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی

مختلف ممالک میں اب تک 3 لاکھ 77 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے

منگل 2 جون 2020 11:49

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 63 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 63 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی، مہلک وائرس سے مختلف ممالک میں اب تک 3 لاکھ 77 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 6371746 جبکہ اموات کی تعداد 377558 ہے۔

منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اس وقت کورونا وائرس سے دنیا کا سب سے متاثرہ ملک ہے جہاں 18 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر اور ایک لاکھ سے زیادہ اس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس سے امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 1859323جبکہ اموات کی تعداد 106925ہے۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرین برازیل میں ہیں، جہاں یہ تعداد 529405 جبکہ 30046اموات ہوچکی ہیں۔ برازیل کے بعد روس میں متاثرین کی تعداد 414878 جبکہ اموات کی تعداد 4855 ہے۔ کوروناوائرس سے متاثرہ ممالک میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا سے ہونے والی موت کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 8171 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں اور ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 198706 ہوگئی ہے۔ اس دوران بھارت میں 204 افراد کے ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5598 ہو گئی ہے۔ ادھر میکسیکو میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10167 ہوگئی ہے۔ میکسیکو میں کورونا وائرس سے گذشتہ روز 237 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 2771 نئے کیسز کے ساتھ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93435 ہوگئی ہے۔

پیرو میں کورونا وائرس کے 4563 نئے کیسز ریکارڈ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 70ہزار سے تجاوز کرگئی۔ پیرو میں کورونا وائرس سے 170039 افراد متاثر ہوئے ہیں، ملک میں کورونا سے مزید 128 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد4634 ہوگئی ہے۔دریں اثناء لیبیا میں کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 168 ہوگئی ہے۔ لیبیا میں کورونا وائرس سے اب تک پانچ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ لیبیائی حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 658 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ یورپی ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں میں مسلسل کمی آرہی ہے۔