ٹائیگر فورس سے شورو غل کراکے ٹڈی دل بھگانے کا کام لیا جائے، سینیٹر سراج الحق

حکومتی پالیسیوں سے غریب آدمی کا نقصان ہو رہا ہے، سندھی، بلوچی اورپنجابی کورونا ایک جیسا نہیں،امیر جماعت اسلامی حکومت تمام صوبوں کے لیے یکساں کورونا بچاؤ پالیسی نہیں بنا سکی،عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو 20 مرتبہ استعفیٰ مانگ چکے ہوتے، میڈیا سے گفتگو

منگل 2 جون 2020 12:16

ٹائیگر فورس سے شورو غل کراکے ٹڈی دل بھگانے کا کام لیا جائے، سینیٹر سراج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کچھ نہیں کرسکتی تو ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے شور و واویلا کرانے کا کام لے لیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ تمام ادارے ناکام ہو چکے ہیں، حکومتی پالیسیوں سے غریب آدمی کا نقصان ہو رہا ہے، سندھی، بلوچی اورپنجابی کورونا ایک جیسا نہیں، حکومت تمام صوبوں کے لیے یکساں کورونا بچاؤ پالیسی نہیں بنا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو 20 مرتبہ استعفیٰ مانگ چکے ہوتے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو کمیشن مافیا مہنگے داموں ٹکٹ فراہم کر رہا ہے، قرنطینہ کے نام پر کھانے اور کرائے کے پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔سراج الحق نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس کچھ نہیں کرسکتی تو ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے شور و واویلا کرانے کا کام لے لیں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا مثبت آنے والوں کے ساتھ مثبت رویہ رکھا جائے اور آئندہ بجٹ میں حکومت غیر ترقیاتی اخراجات ختم کرے تاکہ صحت اور تعلیم پر زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص کیا جائے۔