پی سی بی کا رواں برس ایک اور ہوم سیریز کا منصوبہ

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ و ایشیاء کپ ملتوی ہونے پر اکتوبرنومبرمیں سیریز کرائی جائیگی، انگلینڈ کو تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کی دعوت دینے پر سوچ بچار جاری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 جون 2020 13:13

پی سی بی کا رواں برس ایک اور ہوم سیریز کا منصوبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جون 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے انعقاد کے خدشات کے پیش نظر رواں برس ایک اور ہوم سیریز کے لیے مختلف پہلووں پر کام شروع کردیا ہے۔پی سی بی کووڈ-19 سے پیدا شدہ حالات بہتر ہونیکی صورت میں اکتوبر اور نومبر میں مختصر طرز کرکٹ کی ہوم سیریز کے لیے کام کررہا ہے۔پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کی دعوت دینے کے لیے سوچ بچارجاری ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی حکومت پاکستان کی باقاعدہ اجازت کے بعد رواں سال جولائی میں تین ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے انگلینڈ جانے پر اتفاق کرچکا ہے۔مصدقہ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس کے بعد پی سی بی تین نئے منصوبوں پرکام کررہا ہےجہاں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیسے اہم فیصلے لیے جانے تھے لیکن اجلاس 10 جون تک ملتوی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات ہیں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں برس منعقد نہیں ہوگا گوکہ کرکٹ آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹورنامنٹ کے اگلے برس انعقاد پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی خواہش ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اگلے سال کیلئے ملتوی ہو اور بھارت 2021ء کے بجائے 2022ء میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے۔پی سی بی نے آئی سی سی کے اجلاس سے قبل بی سی سی آئی کے فیصلے سامنے آنے کے معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

آئی سی سی سے دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے پر احتجاج کیا اور فیصلوں کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آنے کو تشویش ناک قرار دیا۔اجلاس میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے اراکین کی سربراہی میں عالمی ماہرین کے تعاون سے فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کروانے پر اتفاق کیا گیا۔خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس جولائی میں انگلینڈ جائیگا جہاں دورے کا آغاز 5 اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے کی اور دورے کا آغاز 5اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائیگا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوںگے۔پاکستانی ٹیم ممکنہ طور پر یکم جون سے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دورے کیلئے تیاریوں اور پریکٹس کا آغاز کریگی اور 25 کھلاڑیوں کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ بھیجا جائیگا۔قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور وہاں قومی ٹیم کو کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر 14دن قرنطینہ میں رکھا جائیگا۔