گھر میں گرنے کے بعد مولانا طارق جمیل کے چہرے پر چوٹیں لگ گئی، حالت تشویشناک

میری استاد محترم مولانا طارق جمیل صاحب سے بات ہوئی ہے،گرنے کی وجہ سے 2گھنٹے تک خون بہا،استاد جی کی طبعیت انتہائی ناساز ہے، میری تمام امت مسلمہ سے درخواست ہے کہ ان کی صحت کے لئے دعا کریں، مولانا عمران بشیر

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 2 جون 2020 13:32

گھر میں گرنے کے بعد مولانا طارق جمیل کے چہرے پر چوٹیں لگ گئی، حالت تشویشناک
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جون-2020ء) پاکستان کے معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل اپنے گھر میں گر پڑے اور ان کے چہرے پر چوٹیں لگ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وہ بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے گرگئے تھے جس کے بعد ان کا چہرے پر چوٹیں آئی ہیں۔ اس حوالے سے ان کے تبلیغی ساتھی مولانا عمران بشیر نے بھی ٹویٹر پیغام میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مولانا طارق جمیل اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری ابھی مولانا طارق جمیل صاحب سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے، گرنے کی وجہ سے ان کو چوٹ آئی ہے جس کے بعد 2 گھنٹے تک ان کا خون بہتا رہا ہے۔ مولانا عمران بشیر نے اس موقع پر امت مسلمہ سے دعا کی اپیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی طبیعت تشویشناک ہے، میری تمام امت مسلمہ سے درخواست ہے کہ ان کی صحت کے لئے دعا کریں۔

(جاری ہے)

مولانا طارق جمیل کی بات کیا جائے تووہ پاکستان اور پوری دنیا میں ایک مشہور نام ہے۔ انہیں اسلام کی تعلیمات کے وسیع علم کے لئے جانا جاتا ہے۔ پوری دنیا کے لوگ ان کی پیروی کرتے ہیں اور اس کی دینی تعلیمات کا احترام کرتے ہیں۔ پوری دنیا میں مولانا طارق جمیل کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ ان کا اندازہ گفتگو سب سے الگ ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے سننے والوں کو اپنی طرف مائل کر لیتے ہیں۔

ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حال ہی میں جب اپنے ایک بیان کی وجہ سے انہیں ٹی وی شو میں معافی مانگنی پڑی تو ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا تھا۔ اب ان کی چوٹ کے خبر کے بعد بھی ان کے مداحوں کی جانب سے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل اپنے گھر میں گر پڑے اور ان کے چہرے پر چوٹ لگ گئی ہے۔