بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کی صورت میں بھی نادرا دفاتر جائے بغیر متعلقہ بینکوں کی نامزد شاخوں سے امدادی رقم وصول کی جاسکتی ہے، احساس ایمرجنسی کیش کے سلسلہ میں اعلان

منگل 2 جون 2020 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) احساس ایمرجنسی کیش کے سلسلہ میں چند اہم اعلانات کئے گئے ہیں جن کا مقصد اس پروگرام میں شامل افراد کی راہنمائی کرنا ہے تاکہ ان کو درپیش مشکلات کو فوری طور پر حل کیا جاسکے اور وہ بھی اپنے حصہ کی رقم وصول کرسکیں۔ذرائع کے مطابق ان اعلانات میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کی انگلیوں کے نشانات کی بائیومیٹرک تصدیق نہیں ہو رہی تو اب آپ نادرا دفاتر جائے بغیر متعلقہ بینکوں کی نامزد شاخوں سے امدادی رقم وصول کر سکتے ہیں۔

ایسے تمام افراد کو امداد کی وصولی کے لیے 8171 سے دوبارہ ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔ دوبارہ آنے والے ایس ایم ایس میں متعلقہ بینک کا نام پتہ اور تاریخ درج ہو گی۔ ایس ایم ایس کی موصولی کے بعد متعلقہ بینک سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

اور ادائیگی میں آسانی کے لیے شناختی کارڈ اور موبائل فون ساتھ لے کر جائیں۔ اگروالدین، خاوند یا بیوی اہل ہیں اور وہ وفات پا چکے ہیں تو اس صورتِحال کے پیش نظر لواحقین کی سہولت کیلئے اپیل دائر کرنے کا طریقہ وضع کیا گیا ہے۔

جو کہ 3 مراحل پر مبنی ہے۔ متعلقہ یونین کونسل سے مرحوم کے نام کا وفات کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ مرحوم کی وفات کا سرٹیفکیٹ نادرادفترمیں جمع کروائیں۔ نادرا سے مرحوم کے شناختی کارڈ کی تنسیخ/ وفات کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ہمراہ لے کربی آئی ایس پی کے تحصیل دفترسیرجوع کریں۔ مزید معلومات کے لئے ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔احساس ادائیگی مراکز پر کورونا وائرس سے بچاو کے لئے ماسک پہننے، ہاتھ دھونے، جراثیم کش محلول اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔