نوجوان نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ دفنا دیا

کپڑے دینے کا لالچ دے کر بچی کو لے گیا۔ سفاک نوجوان نے بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرم کا اعتراف بھی کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 2 جون 2020 15:42

نوجوان نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ دفنا دیا
حیدرآباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون 2020ء) سفاک ملزم نے بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ایک نوجوان کو چھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے اور قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو ایک پارک میں پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو اس علاقے میں نصب کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

سفاک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ویڈیوکلپ میں چھوٹی بچی ملزم کے ساتھ چلتی دکھائی دیتی ہے۔حیدرآباد کی بنگالی کالونی سے لاپتہ ہونے والی چھ سالہ بچی کی نعش قائد ملت پارک سے برآمد ہوئی تھی۔پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لڑکی کو یہ کہہ کر اپنے ساتھ آنے کے لیے بہلایا کہ وہ اس کے کپڑے خریدے گا۔

ملزم کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اسے ڈھٹائی سے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
بعض رپورٹس کے مطابق ملزم نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ دفنایا تھا۔دوسری جانب راولپنڈی میں جنسی زیادتی کا شکار 8 سالہ بچی علاج کے دوران دم توڑ گئی۔ زارا حسن صدیق کے گھر واقع فیز 8 میں بطورنوکرانی کام کرتی تھی جس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر ملزمان کے خلاف زیادتی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، بچی کو علاج معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جو دوران علاج معالجہ دم توڑ گئی جس پر مقدمہ میں قتل کی دفعات کا اضافہ کیا گیا، تھانہ روات پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان حسن صدیق اور اسکی اہلیہ کو گرفتار کر لیا،ایس پی صدرضیاء الدین احمد نے کہاکہ میرٹ پر تفتیش کر کے ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا،سٹی پولیس آفیسرمحمد احسن یونس کا کہنا تھاکہ میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ بچوں کے ساتھ تشدد جیسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے،بچوں کے ساتھ زیادتی، تشدد اور استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔