لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف درخواست ایس ای سی پی کو بھجوا دی

منگل 2 جون 2020 15:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان( ایس ای سی پی )کو دادرسی کیلئے بھجوا دی، عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ایس ای سی پی درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق دادرسی کرے،قبل ازیں عدالت نے 20 مئی کو کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا،جسٹس عائشہ اے ملک نے رمضان شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار شریف خاندان کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رمضان شوگر ملز کیخلاف کیسز نیب میں زیر التوا ہیں، ریفرنس کی وجہ سے نیب نے تمام اثاثے منجمد کر رکھے ہیں، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بینک سے قرض کیلئے شیئرز ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کرانے کی درخواست کی تھی تاہم ایس ای سی پی نیب میں کیسز ہونے کی وجہ سے شیئرز رجسٹرڈ نہیں کررہا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ایس ای سی پی کو رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔