Live Updates

انتظامیہ نے بغیر کسی نوٹس کے ہمارے گھروں پر حملہ کیا ،ایوان صحافت میںتحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری کاوزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ

منگل 2 جون 2020 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) مرکزی ایوان صحافت میں تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید وارث گیلانی نے کہا کہ امبور میں گزشتہ روز انتظامیہ نے بغیر کسی نوٹس کے ہمارے گھروں پر حملہ کر دیا ،زمینوں کی ڈی ایورڈ کا کیس عدالتوں میں ہے اور حکم امتناعی چل رہا ہے ،لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے خادم حسین میر،خالد محمود میرمرحوم کی بیوہ ،اشتیاق میر ،شہباز میر ،ارسلان میرکے مکانات مسمار کرڈالے ،چادر اور چار دیواری کا تقدیس بھی پامال کیا ،بچوں سے موبائل چھین لیے گئے دو بچے زخمی اور ایک خاتون بے ہوش ہوگی ،جانوروں کی بانڈیاں (گوالیں)ٹوٹنے سے کئی بھینسیں بھاگ گئی جن میں سے د و کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں ،کھڑی فصلیں تباہ کر ڈالی،قیمتی درخت بھی برد کر دئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم انتظامیہ سے ہاتھ جوڑ کر التجاء کرتے رہے کہ ہمیں وقت دیں اور عدالتی احکامات کی پابندی کریں لیکن انہوں نے ایک نہ سنی ظلم کی داستان رقم کی ہم پرامن لوگ ہیں ،ہمارے آبائواجداد نے امبور ہسپتال اور بعد میں میڈیکل کالج کیلئے زمینوں کی قربانی دی کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ہم کمزور نہیں ہیں ،ہمیں یہ زمین 1947میں الاٹ ہوئی ہے اُس وقت سے آج تک یہاں پر ہی مقیم ہیں ۔

ہماری زرعی زمینوں کو ڈی ایورڈ میں بنجر ظاہر کیا گیا ہے ۔ متاثرہ افراد خادم حسین میر ،صوبیدار ریٹائرڈ محمد حسین ،عبدالقیوم ،اجمل خاکی ،نذیر میر ودیگر کے ہمراہ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان ،وزیراعظم آزادکشمیر ،چیف جسٹس اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ہمارے ساتھ ہونے والے ظلم کا ازالہ کریں ،تباہ ہونے والے مکانوں کا معاوضہ دیا جائے اور ہمیں اس زمین کے برابر متبادل جگہ فراہم کی جائے اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات