پنجاب میں کم ٹیسٹنگ اور اعدادوشمار چھپانے کی خبریں درست نہیں

پنجاب میں90 ہزار600 کورونا ٹیسٹ کیے، لاہورمیں21 ہزار پول ٹیسٹنگ پر6 کروڑ روپے خرچا آیا، پلازمہ کے لیے41 ڈونرز راضی ہوگئے، ان کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 جون 2020 16:24

پنجاب میں کم ٹیسٹنگ اور اعدادوشمار چھپانے کی خبریں درست نہیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2020ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کم ٹیسٹنگ اور اعدادوشمار چھپانے کی خبریں درست نہیں، پنجاب میں90 ہزار600 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے، لاہورمیں21 ہزار پول ٹیسٹنگ میں6 کروڑ روپے خرچا آیا، گھر میں ایک ٹیسٹ کا مثبت آنے پر سب رفقاء کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تفتان سے آنے والے80 فیصد افراد صحت مند تھے۔

ہم نے 4 ہزار کورونا مریضوں کا پتا کرلیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ لاہورمیں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ لاہور میں کورونا کے 12 ہزار سے زائد مریض ہیں۔ پنجاب 251 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ لاہور میں 119 اور راولپنڈی میں113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں کنٹرول روم بنا ہوا ہے، کورونا مریضوں کے اعداد و شمار نہیں چھپائے جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہسپتالوں میں صرف تشویشناک حالت میں مبتلا مریض رکھے جا رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں قلیل طبی سہولیات سے متعلق خبریں درست نہیں۔ بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی کمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 21 ہزار افراد کے نمونے لئے گئے تھے۔ لاہور میں21 ہزار پول ٹیسٹنگ میں تقریباً 6 کروڑ روپے خرچا آیا۔ پنجاب میں90 ہزار600 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

اگر کسی بھی فرد کا ٹیسٹ مثبت آنے پرپورے گھر کے افراد کے ٹیسٹ ہوں گے۔ احتیاط سے ہی کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 300 سے زائد ڈاکٹرکورونا سے متاثر ہیں۔ پلازمہ کے لیے41 ڈونرز راضی ہوگئے ہیں، ان کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کے چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ چار ہزار کے قریب نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 76سے تجاوز کر گئی جبکہ مزید 78 افراد زندگی کی باز ہار گئے جاں بحق افراد کی تعداد 1621ہوگئی۔

سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ 29647 ہوگئی، پنجاب میں 27850 کیسز رپورٹ ہوئے ،کے پی میں 10485، بلوچستان میں 4514 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2893، گلگت میں 738 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہوئے ،پنجاب میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات 540 ہوگئیں،سندھ میں 503، کے پی میں 482 اموات ہوگئیں،بلوچستان میں 49 ، گلگت میں 11 اسلام آباد میں 30 اور آزاد کشمیر میں 6 اموات ریکارڈ ہوئیں ۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہوگئی، چوبیس گھنٹوں میں 16548 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے، ملک بھر میں ابتک 5 لاکھ 78 ہزار کے قریب کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے۔