جعلی ڈومیسائل سندھ حکومت کی نااہلی ہے ،محمد حسین محنتی

کمیشن جلد تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا اور جعلی ڈومیسائل منسوخ کئے جائیں،امیر جماعت اسلامی سندھ

منگل 2 جون 2020 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں سخت لاک ڈائون کے باوجود زیادہ کورونا کیسز اور ہسپتالوں میں مطلوبہ سہولیات کا فقدان کی صورتحال نے حکومتی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ وفاق این ایف سی ایوارڈ سمیت صوبہ کو اپنا جائزحق دے کر احساس محرومی ختم کرے۔

وفاقی اور صوبائی حکومت آپس میں لڑنے کی بجائے ملکر کرونا وبا کی اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت اور ملک کو بحران سے نکالنے کی حکمت عملی بنائیں۔ کندھ کوٹ سمیت سندھ میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔ قبائلی تصادم ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیکندھ کوٹ میں امیر ضلع کشمور آغا عبدالفتاح پٹھان سیان کی رہائش گاہ پر والد کی وفات پر تعزیت اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

قیم صوبہ کاشف سعید شیخ ،نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی اور صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا سمیت مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔دریں اثناء انہوں نے روجہان مزاری میں جماعت اسلامی کے رہنما اور کشمور سے ایم ایم اے کے سابق امیدوار سردار شمشیر خان مزاری سے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت، مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اور پسماندگان کے لیے صبروجمیل کی دعا کی۔

محمد حسین محنتی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جعلی ڈومیسائل سندھ حکومت کی نااہلی ہے جس طرح اچھے کاموں کا کریڈیڈ حکومت لیتی ہے تو یہ بدنما داغ بھی سندھ حکومت کے کھاتے میں جاتا ہے۔اس سے اصل حق داروں کے حق پر ڈاکہ مارا جاتا ہے۔ کمیشن جلد تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا اور جعلی ڈومیسائل منسوخ کئے جائیں۔ جماعت اسلامی ظلم کے خلاف اور عدل کے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔