تین جگہ سے ریٹس لینے کے بعد کم ترین ریٹ والے ہوٹل کا انتخاب کیا گیا‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

اخراجات کی بات کرنے والے تو شاید چاہتے ہیں اسمبلیوں کو تالے ہی لگ جائیں‘ چوہدری پرویز الٰہی

منگل 2 جون 2020 16:46

تین جگہ سے ریٹس لینے کے بعد کم ترین ریٹ والے ہوٹل کا انتخاب کیا گیا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری الٰہی نے کہا ہے کہ جب انتہائی کم ہوٹل اخراجات کی تفصیل سامنے آئے گی تو تنقید والے منہ چھپاتے پھر یں گے،اخراجات کی بات کرنے والے تو شاید چاہتے ہیں کہ اسمبلیوں کو تالے ہی لگ جائیں،اسمبلیوں کو تالے لگا دئیے جائیں تو کوئی خرچہ نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیر قانون راجہ بشارت او ر دیگر کے ہمراہ نجی ہوٹل میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تین جگہ سے ریٹس لینے کے بعد کم ترین ریٹ والے ہوٹل کا انتخاب کیا گیا،ہوٹل میں قائم کردہ اسمبلی چیمبر میں اسمبلی کا ڈیکورم لاگو ہوگا،پنجاب اسمبلی اسمبلی کے قواعد و ضوابط پوری طرح لاگو ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے لئے الگ الگ نشستیں لگائی گئی ہیں،اسمبلی اسمبلی ہال میں کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا،مقامی ہوٹل کا اسمبلی ہال اسمبلی سیکرٹریٹ کے قریب تر ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ نیا اسمبلی ہال سابق حکمرانوں نے مکمل کیا ہوتا تو آج اجلاسوں کے لئے ہوٹلز میں جگہ نہ ڈھونڈنا پڑتی۔چوہدری پرویز الٰہی نے جس ہال کا سنگ بنیاد رکھا، کافی کام انکے دور میں مکمل ہوگیا تھا،سابق حکمرانوں نے دس سال اس پر کام نہیں ہونے دیا،کام روکنے سے اخراجات میں بھی اور مشکلات میںبھی اضافہ ہوا ۔آج نیا اسمبلی ہال مکمل ہوتا تو ایس او پیز کے ساتھ باہر کسی ہوٹل میں اجلاس کی ضرورت پیش نہ آتی۔