حسن ابدال، تھانہ میں توڑ پھوڑ کرنے پر سابق قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک اور انکے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

منگل 2 جون 2020 17:13

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) تھانہ میں توڑ پھوڑ ، موبائل فون کے ذریعے زبردستی وڈیو بنانے ، میز اور کھڑکی کے شیشے کو توڑنے ، سرکاری کاغذات کوالٹ پلٹ کرنے ، پولیس ملازمین کو گالم گلوج کرنے کے الزامات کے تحت سابق قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک اٹک مرزا اختر بیگ اور ان کے بیٹے حارث بیگ کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی تھانہ صدر اٹک نے تھانہ سٹی اٹک میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ اورمحرر تھانہ صابر الرحمان تھانہ صدر اٹک میں سرکاری فرائض سر انجام دے رہے تھے کہ ایک نوجوان حارث بیگ تھانہ میں آیا اور آتے ہی انتہائی بدتمیزی سے دھمکی آمیز انداز میں گالی گلوچ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ریسکیو 15 کی کال پر پولیس نفری نہ بجھوائی ہے جس کو بتایا گیا کہ ریسکیو 15 کی کال پر اسی وقت پولیس نفری موقع پر روانہ کردی گئی ہے آپ آرام سے بیٹھیں پولیس موقع پر پہنچ چکی ہے جس نے ایک نہ سنی اور اپنا موبائل فون نکال کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے ڈرادھمکا کر وڈیو بنانا شروع کر دی جس کو میں اور محرر نے بڑے تحمل سے ایسا کرنے سے منع کیا جو اس دوران گالم گلوچ کرتے ہوئے محررکے گلو گیر ہونے لگا اسی دوران ان کے والد سابق قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک اٹک مرزا اختر بیگ بھی دفتر محرر آگئے اور آتے ہی میز پر پڑے شیشہ اور کھڑکی کے شیشہ کو بھی توڑ دیا جبکہ حارث بیگ نے میز پر پڑے سرکاری کاغذات کو بھی الٹ پلٹ کردیا اس دوران شور سن کر تھانہ میں موجود اے ایس آئی ہارون عباس ، مدثر عباس ، کانسٹیبلان شہریار اورمجتبیٰ احمد بھی دفتر محرر آگئے اور ان دونوں کو بڑی مشکل سے قابو کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا۔