وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی لاہوررنگ روڈ منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت

لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیرمعاہدے پر دستخط رواں ماہ ہوںگے

منگل 2 جون 2020 17:43

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی لاہوررنگ روڈ منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) لاہوریوں کیلئے ایک اور اچھی خبر آگئی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کامنصوبہ جلد شروع ہوگا اورسدرن لوپ فور پراجیکٹ کی تیاری شروع کی جارہی ہے ۔لاہور رنگ روڈاتھارٹی اوراین ایل سی کے درمیان سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط رواں ماہ ہوںگے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہوررنگ روڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔8کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری موٹر ویز طرزپر6رویہ تعمیر کی جائے گی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ 12ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف لاہور میںٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ بیرونی ٹریفک کو بھی سہولت ہوگی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ نیشنل لاجسٹک سیل بنا کر آپریٹ کرے گی۔

حکومت پنجاب اوراین ایل سی کے درمیان لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کی تعمیر کے معاہدے پردستخط جون کے دوسرے ہفتے میں ہوںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران لاہور سدرن لوپ فور کے منصوبہ شروع کرنے کی تیاری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔سدرن لوپ فور کے ذریعے ملتان روڈسے ایم تھری تک لنک کیا جائے گا۔سدرن لوپ فور بننے سے 90کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ ،چیف سیکرٹری ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ ،کمشنر لاہوراوردیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔