پی آئی اے نے دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے 32 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا

یہ پروازیں متحدہ عرب امارات حکام کے اشتراک کے بعد چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پروازیں 2 جون سے 10 جون تک چلائی جائیں گی

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 2 جون 2020 17:42

پی آئی اے نے دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے 32 خصوصی پروازیں ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جون2020ء) پی آئی نے دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے 32 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلانیہ میں بتایا گیا ہے کہ یہ پروازیں متحدہ عرب امارات کے حکام کے اشتراک کے بعد چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ خصوصی پروازیں 2 جون سے 10 جون تک چلائی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ان پروازوں کا اہتمام خاص طور پر ان لوگوں کے لئے کیا گیا ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں پھنس گئے تھے۔

تا ہم اب لوگوں کی جانب سے بار بار پریشانی کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ لیکن اب پاکستان کی قومی ایئرلائن نے ان لوگوں کی مشکلات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد 32 خصوصی پروازوں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پروازوں کی تفصیلات کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ 2 جون کو قرمی ایئرلائن کی 2 پروازیں پاکستان آئیں گی جن میں سے ایک دبئی سے پشاور اور دوسری ابوظہبی سے فیصل آباد آئے گی۔

اس کے بعد 3 جون کو بھی دو پروازیں آئیں گی جن میں سے ایک پرواز دبئی سے لاہور اور دوسری پرواز ابوظہبی سے اسلام آباد آئے گی۔ اسی طرح ترتیب سے 10 جون تک پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر یہ آپریشن جاری رہے گا جس میں متحدہ عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو مرحلہ وار واپس لایا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب میں موجود پاکستانی سفارتکار کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دبئی سے 62 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

چونکہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں پھنس گئی تھی اور پھنسے ہوئے لوگ بھی بار بار دبئی میں موجود پی آئی اے کے دفترکا دورہ کر رہے تھے، اس لئے اب پی آئی اے نے دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے 32 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔