پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 97 مسافروں اور عملہ کے اراکین میں سے 87 کی شناخت مکمل،

70 کے قریب شہداء کے ورثاء کو معاوضوں کی ادائیگی بھی مکمل کر لی گئی

منگل 2 جون 2020 18:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) قومی ایئر لائن پی آئی اے کے بدقسمت طیارے pk-8303 کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 97 مسافروں اور عملہ کے اراکین میں سے 87 مسافروں کی شناخت مکمل کر لی گئی باقی ماندہ 10 میتوں کی شناخت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ منگل کو وزارت ہوا بازی ڈویژن کے حکا م نے اے پی پی کو بتایا کہ جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے قریب لینڈنگ کی کوشش کے دوران تباہ ہو جانے والے پی آئی اے کے طیارے pk-8303 کے 97 مسافر اور عملہ کے ارکان جاں بحق اور 2 مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہے تھے، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی ہدایت پر اس المناک واقعے کے بعد فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا اور ہمدردی کے جذبے سے سرشار ٹیموں نے امدادی کوششوں میںحصہ لیا جس کے بعد نادرا اور دیگر متعلقہ فرانزک لیببارٹری ماہرین نے میتوں کے ڈی این ایز کی مدد سے میتوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک 87 میتوں کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ بطاقی ماندہ 10 میتوں کی شناخت بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی طرف سے 70 کے قریب شہداء کے ورثاء کو معاوضوں کی ادائیگی بھی مکمل کر لی گئی ہے اور فی کس کے حساب سے 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا گیا ہے اس عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ زمین پر ہونے والے نقصانات کا بھی سروے کیا جا رہا ہے، امید ہے کہ یہ عمل بھی جلد مکمل ہو جائے گا جس کے بعد انہیں بھی معاوضوں کی ادائیگی کا اعلان کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ پی آئی اے کا ایمرجنسی ریسپانس سینٹر فعال ہے اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور دیکھ بھال میں مشغول ہے اور اس وقت تک کام کرتا رہے گا جب تک آخری میت لواحقین کے حوالے نہیں کر دی جاتی۔