ریلوے پولیس کی کارروائی،ریلوے میٹریل چور رنگے ہاتھوں گرفتار

منگل 2 جون 2020 21:54

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے موثر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے میٹریل چوری کرنے والے دو افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان کاشف خان اور وقاص لوکو شیڈ ریلوے لاہور کے پوائنٹ 31 سے دو من کاپر وائرا ور ایک عدد آہنی کمانی وزنی 30کلوگرام ریلوے میٹریل کل مالیتی تقریباً ایک لاکھ روپے چوری کرکے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جن کو ایس ایچ او تھانہ ریلوے پولیس لاہور عرفان اشرف نے ہمراہی ریلوے پولیس ملازمین رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے قبضہ سے ریلوے میٹریل برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزمان مذکورہ بالا کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لاہور میں مقدمات کا اندراج کر کے باقاعدہ گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی ریلوے پولیس لاہور ڈویژن وارث کمال کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان کی خصوصی ہدایات پر ریلوے پولیس لاہور ڈویژن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروایاں جاری رکھے ہوئے ہے اور خصوصی طورپرریلوے میٹریل چوروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ مزید انہوں نے ایس ایچ او تھانہ ریلوے پولیس لاہور عرفان اشرف اور انکی ٹیم کو موثر کارروائی کرنے پر سراہا ہے اورتعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا ہے۔