کراچی کی تعمیر و ترقی میں کے ایم سی کنٹریکٹرز کا بھرپور کردار ہے،وسیم اختر

ان کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،میئر کراچی کی وفد سے بات چیت

منگل 2 جون 2020 22:07

کراچی کی تعمیر و ترقی میں کے ایم سی کنٹریکٹرز کا بھرپور کردار ہے،وسیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں کے ایم سی کنٹریکٹرز کا بھرپور کردار ہے اور ان کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مالی بحران کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود کنٹریکٹرز کے تعاون کے ساتھ کراچی کی ترقی کا عمل جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، پانی و سیوریج کی لائنوں کی تبدیلی، پارکوں کی تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز کے ایم سی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنز کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر نعیم کاظمی، عبدالرحمان، رائو سعید، حاجی سراج مندوخیل، راحیل شہزاد، سعید مغل، اشفاق شیروانی، سعید خان، طاہر بابر ،جمال احمد، بلال خان ، چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے،میئر کراچی نے کہا کہ ڈی جی ٹیکنیکل سروسز، چیف انجینئر کورنگی، وسطیٰ، ملیر اور ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کی جانب سے طلب کردہ 65 ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کا جائزہ لیا جائے گا اور ازسرنو ان کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر یہ تمام ٹینڈرز فی الحال روک دیئے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے بقایا جات کی ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کرنا چاہتے ہیں لیکن فنڈز کی کمی کے باعث ایساممکن نہیں ہو پا رہا، شہر میں گزشتہ ڈھائی ماہ کے لاک ڈائون کے باعث کے ایم سی کا ریونیو نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے اور حکومت سندھ نے ADP کی مدمیں اب تک 625 ملین روپے کی پہلی قسط جاری کی ہے جبکہ بقیہ تین کوارٹرز تاحال کے ایم سی کو نہیں دیئے گئے جس کے باعث کنٹریکٹرز کو ادائیگی نہیں ہوسکی، وزیراعلیٰ سندھ کو متعدد بار لیٹرز لکھے گئے لیکن اب تک کے ایم سی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی بقیہ رقم ادا نہیں کی گئی، میئر کراچی نے کہا کہ 21 مئی2020 کو بھی وزیراعلیٰ سندھ کو ایک خط لکھا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ ADP فنڈز کے رکے ہوئے تمام کوارٹرز ریلیز کئے جائیں تاکہ کنٹریکٹرز کے بلوں کی ادائیگی کو بروقت ممکن بنایا جاسکے اور ترقیاتی اسکیمز کو مکمل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ آج ہی وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور سندھ گورنمنٹ کی جانب سے روکے گئے اے ڈی پی کے تمام فنڈز اور کوارٹرز ریلیز کرنے کے لئے درخواست کی ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ میں اس سلسلے میں اپنی تمام کوششیں جاری رکھوں گا، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد نے اس سلسلے میں میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا اور نئے ٹینڈرز کو فوری روکنے اور موخر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور ساتھ ہی ادائیگیوں کے لئے جو کوششیں اور جدوجہد میئر صاحب کررہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ،کراچی شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنے پورے تعاون کا یقین بھی دلایا، وفد نے میئر کراچی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :