Live Updates

والدین کے حقوق کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کرانے کیلئے موثر قانون سازی کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 2 جون 2020 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2020ء) پاکستان بھر میں والدین کے حقوق کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کرانے کے لئے موثر قانون سازی کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہاگیا ہے کہ یکم جون کا دن پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم والدین کے طور پر منایاجاتا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد والدین کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس بات کا اعتراف کرنا ہے کہ والدین اور بچوں کے رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں۔ والدین بچوں کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ والدین ساری زندگی اپنے بچوں کی شخصیت اور کردار سازی کے لئے محنت اور مشقت کرتے ہیں۔والدین اور بچوں کا رشتہ انمول، غرض اور بناوٹ سے پاک ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

بچوں کے لئے والدین اور والدین کے لئے بچوں کی ایک خاص اہمیت اور مقام ہوتا ہے۔

اسلام ہمیں والدین کے حقوق ادا کرنے اوران کے احترام کا درس دیتا ہے۔معاشرے کی تیزرفتاری سے معاشرتی اقدار تبدیل ہو گئی ہیں ۔ جس کے باعث کئی بزرگ والدین اپنے بچوں کے رویے کی وجہ سے مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔قرار داد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ یوم والدین کے حوالے سے پاکستان بھر میں والدین کے حقوق کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کرانے کے لئے موثر قانون سازی کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات