سندھ کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبے میں جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے اجرا پر الگ الگ قراردادیں جمع کرادی

منگل 2 جون 2020 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2020ء) سندھ کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبے میں جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی کے اجرا پر الگ الگ قراردادیں جمع کرادی ہیں۔ قرار دادیں جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں۔پہلیگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں نے جعلی ڈومیسائل کے حوالے سیاپنی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرائی، قرار داد جمع کرانے والوں میں نصرت سحر عباسی، حسنین مرزا ، شہریار مہر اور عبد الرزاق راہموں شامل تھے،قرارداد سیکرٹری سندھ اسمبلی محمد فاروق کو جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے کی قرارداد میں کہا گیا کہ جنہوں نے جعلی ڈومیسائل بنوایا یا بنایا ان کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ سپریم کورٹ کا واضح حکم ہے کہ غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل نہ دیا جائے۔جس کے بعد ایم کیو ایم نے قرار داد جمع کرائی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ صوبے میں شفاف نوکریوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،گریڈ ایک سے پندرہ کی ملازمتوں میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے جبکہ گریڈ سولہ سے بائیس تک کی بھرتیوں میں دیہی اور شہری سندھ کے کوٹے پر سو فیصد عمل کرایا جائے۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ #