پاکستانیوں سمیت متعدد مسافروں میں کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد یونان نے قطر کیلئے فضائی آپریشن معطل کر دیا

گزشتہ روز دوحہ سے ایتھنز پہنچنے والی پرواز میں 12 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں فوری معطل کر دی گئیں

muhammad ali محمد علی بدھ 3 جون 2020 00:16

پاکستانیوں سمیت متعدد مسافروں میں کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد یونان ..
ایتھنز (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2020ء) پاکستانیوں سمیت متعدد مسافروں میں کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد یونان نے قطر کیلئے فضائی آپریشن معطل کر دیا، گزشتہ روز دوحہ سے ایتھنز پہنچنے والی پرواز میں 12 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں فوری معطل کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق یورپی ملک یونان نے خلیجی اسلامی ملک قطر کیلئے خصوصی پروازیں بھی فوری معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ یونان پہنچنے والے کچھ مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد کیا گیا۔ گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ سے ایک پرواز نے اڑان بھری تھی جو یونان کے دارالحکومت ایتھنز پہنچی۔ اس پرواز میں کئی پاکستانیوں سمیت کل 91 مسافر سوار تھے۔

(جاری ہے)

ایتھنز پہنچنے پر ان تمام مسافروں کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ بعد ازاں پاکستانی مسافروں سمیت کل 12 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد یونانی حکام نے فوری بنیاد پر قطر اور یونان کے درمیان پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

کرونا وائرس کی تشخیص والے مسافروں کو فوری قرنطینہ کیلئے وقف کیے گئے ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ایتھنز پہنچنے والے کتنے پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یونانی حکام کا موقف ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے سخت سے سخت اور ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اسی لیے قطر اور یونان کے درمیان خصوصی پروازوں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا کا ایسا کوئی ملک نہیں ہے جہاں معمول کے مطابق فلائٹ آپریشن جاری ہے۔ کرونا وائرس پھیلاو کے بعد سے دنیا کے تقریباً تمام ہی ممالک نے یا تو فلائٹ آپریشن بند کر رکھا ہے، یا اسے محدود پیمانے پر فعال کیا گیا ہے۔