Live Updates

محکمہ صحت سندھ کا سب سے ناکام محکمہ ہے‘ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے ‘ صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن خرم شیرزمان

بدھ 3 جون 2020 00:10

کراچی۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ اس وقت اگر فہرست مرتب کی جائے تو محکمہ صحت سندھ کا سب سے ناکام محکمہ ہے، کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی ٹی آئی وفد کے ہمراہ سول اسپتال برنس سینٹر میں زیر علاج طیارہ حادثہ کی زخمی بچیوں کی عیادت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان ، رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ ،دعا بھٹو اور دیگر شامل تھے ۔ حادثہ میں تین بچیاں جھلس کر زخمی ہوئی تھیں جس میں ناہیدہ گذشتہ روز انتقال کر گئی تھی جبکہ دو بچیاں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے دونوں زخمی بچیوں کے ورثاء کو پی آئی اے کی جانب سے نقد پانچ پانچ لاکھ روپے بھی دئیے ۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں اسپتالوں میں ابھی بھی سفارش کے بغیر کام نہیں ہوتا جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بغیر سفارش کے کام ہوتے ہیں، اب یہاں بھی یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔

سندھ میں اس وقت سب سے ناکام محمکہ، محکمہ صحت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے کیونکہ جب ہم کہتے تھے کہ ایس او پیز کے تحت کاروبار کے اوقات میں اضافہ کیا جائے تو اس وقت ہماری بات نہیں سنی گئی اور کم وقت کی وجہ سے بازاروں میں رش بڑھ گیا جس کے باعث کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، اس کی پوری ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوتی ہے۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ سندھ کی وزیر صحت غائب ہیں ، عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات