روس معیشت کی بحالی کے لیے 72بلین ڈالر کے بحالی منصوبے کا اعلان

بدھ 3 جون 2020 01:30

ماسکو ۔ 2 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) روس نے کورونا وائرس وبائی امراض سے بری طرح متاثرہ اپنی معیشت کی بحالی کیلئے 72 بلین ڈالر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس بحالی پلان سے ملک میں روزگار اور آمدنی کو فروغ دیا جائیگاجہاں کورونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ روس کی معیشت میں اس سال سخت سست روی آنے کا امکان ہے جبکہ صدر ولادیمیر پیوٹن شرح نمو کو واپس ٹریک پر لانے کیلئے کوشاں ہیں۔

روسی وزیر اعظم میخائل مشُستین نے 72 ارب ڈالر کے پیکیج کے حوالے سے کہا کہ اس کا مقصد کئی ہفتوں تک کاروباری اور صنعتی تالے بند کے باعث بدحال معیشت کی بحالی ہے۔ مشُستین نے ٹیلی وائز اجلاس میں روسی صدر کو بتایا کہ روزگار، آمدنی اور معاشی نمو کو فروغ دینے کے مقصد سے یہ پروگرام 500 سے زیادہ اقدامات پر مشتمل ہے، دو سالوں میں اس کی کل لاگت لگ بھگ پانچ ٹریلین روبلز ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

صدر پیوٹن نے اس منصوبے کو معیشت کی بحالی اور طویل المدتی ساختی تبدیلی کے نفاذ کے لئے بنیاد قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے زندگی کے ہر شعبہ پر سنگین اثرات مرتب کیے ہیں۔ روس کے وزیر اعظم نے اجلاس کو بتایا کہ تین مرحلوں پر مشتمل دوسالہ ریکوری پلان کا پہلا مرحلہ آئندہ ماہ لانچ کیا جائے گا،پہلے مرحلے میں معشیت کو مستحکم کیا جائے گا ،اگلے سٹیج میں معشیت کی تعمیر نو ہو گی اور معاشی رفتار تیز کی جائے گی ۔

روس کے وزیر محنت اینٹن کوٹیاکوف کے مطابق اقتصادی بحالی اقدامات میں دوائیوں کے قومی ذخائر بنانے سے لے کر مقامی سیاحت کا فروغ اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر ایک کھرب روبل خرچ کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کی وباء نے روس میں 20 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے حساب سے روس کا تیسرا نمبر ہے جہاں کورونا کے 423,000 کیسز ہیں اور اس وباء سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزارسے زیادہ ہے۔روسی سرکاری اعداد وشمار کے مطابق روس کی معشیت رواں مالی سال9.5 فیصد تک سکڑ جائے گی۔