وزیراعظم کو بھی نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پر شک

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم عمران خان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 3 جون 2020 11:06

وزیراعظم کو بھی نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پر شک
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2020ء) وزیراعظم عمران خان کا سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر سامنے آنے پر کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی امور اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر کا تذکرہ ہوا کہ ملک کا بیڑہ غرق کرنے کے بعد نوازشریف باہر سیروتفریح کر رہے ہیں۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ ایسے لوگوں کو شرم بھی نہیں آتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم اور کابینہ نے احتساب کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے طیارہ حادثے، تحقیقات اور میتوں کی شناخت کے عمل پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی بجٹ 21-2020ء سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ٹڈی دل حملے پرکابینہ کو این ڈی ایم اے اورحکام وزارت فوڈ سیکیورٹی نے مشترکہ بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے این سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کی تقرری، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکی تقرری، اور جی ایچ پی ایل کےمنیجنگ ڈائریکٹرکی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر طارق بشیرچیمہ نے چودھری برادران پر نیب کیسز کے باعث کابینہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ اجلاس میں فواد چودھری، فیصل واوڈا اورمراد سعید نے گندم اسکینڈل کے ذمہ داران کو سامنےلانے کا مطالبہ کیا۔ جس پروزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے احتساب کے عمل کوجاری رکھنے پراتفاق کیا۔اسی طرح اجلاس میں وزیراعظم نے مشکل مالی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کابینہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوگرمافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ شوگرمافیا کےخلاف گھیرا تنگ کیا جائےگا۔