Live Updates

کورونا کے باعث ملکی معیشت خراب ہوئی ہے، عالمی وباء کا پوری قوم کو ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا، کمال غزنوی

بدھ 3 جون 2020 11:25

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کمال غزنوی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، یہ ایک عالمی وباء ہے اور پوری قوم کو اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، کورونا وائرس کی وباء اس وقت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، عوام احتیاط کر کے اپنے اور اپنے خاندان کو اس وباء سے بچا سکتے ہیں، عوام کے خون پسینے کی کمائی پر عیاشیاں کرنے والے کرپٹ حکمران دنیا کے سامنے اپنے آپ کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف سمیت تمام کرپٹ سابق حکمرانوں کو عوام کے ایک ایک پیسہ کا حساب دینا ہو گا۔

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سچا اور کھرا لیڈر ہے جس نے پاکستانی عوام کو چور اور ڈاکوئوں سے بیدار کیا اور ان کے خلاف علم جہاد بلند کیا، آہستہ آہستہ سارے چور سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، جب ان کی پکڑ دھکڑ شروع ہوتی ہے تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی دکھائی دیتی ہے، انشاء الله ملک میں حکومت اور جمہوریت دونوں قائم و دائم رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں کوروناء کی وباء کی وجہ سے ملکی معیشت خراب ہوئی ہے، جونہی صورتحال بہتر ہو گی انشاء الله ملک معاشی بحران سے باہر نکل کر ترقی کے راستہ پر چل نکلے گا، ملک بھر میں اڑھائی تین ماہ کے بعد صنعتوں کا پہیہ دوبارہ چلنا شروع ہو گیا ہے، چند ماہ کی بات ہے اس کے بعد ملک میں تمام تر صورتحال ٹھیک ہو جائے گی اور ملک ترقی کے راستہ پر چل نکلے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات