کابل کے گرین زون کی مسجد میں دھماکا، امام سمیت دو افراد جاں بحق

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،سفارتخانوں اور بین الاقوامی دفاتر میں سائرن بجنے لگے،اشرف غنی کی مذمت

بدھ 3 جون 2020 12:22

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے گرین زون کی مشہور مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام اور نمازی جاں بحق ہو گئے۔ابھی تک مسجد میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہر کے محفوظ ترین علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریب ہی واقع سفارتخانوں اور بین الاقوامی دفاتر میں دھماکے بعد سائرن بجنے لگے اور عملہ محفوظ کمروں کی جانب روانہ ہو گیا۔

ملک کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے کہا کہ بدقسمتی سے اس شام دہشت گردوں نے وزیر اکبر خان مسجد میں دھماکا خیز مواد کے ذریعے حملہ کیا۔یہ مسجد گرین زون کے داخلی دروازے پر واقع ہے اور اس انتہائی سیکیورٹی کے حامل علاقے میں واقع مسجد میں لوگ دونوں اطراف سے داخل ہو سکتے ہیں اور اہم رہنما اکثر عید کی نماز یہاں ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

طارق آریاں نے بتایا کہ دھماکے میں مسجد کے امام ایاز نیازی جاں بحق ہو گئے، وہ کابل میں مشہور تھے اور ان کے خطبات میں لوگ دور دراز کے علاقوں سے شرکت کے لیے آتے تھے۔

آریان نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ یہ خودکش حملہ تھا لیکن تحقیقات کے بعد انہوں نے کہا کہ ابھی دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہے۔افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ترجمان نے اسے ایک گھناؤنا حملہ قرار دیا۔