فیصل ۱ٓباد میں یکے بعد دیگرے 2 پولیس مقابلے،سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب اوڈھ گینگ کے 2 ڈاکوئوں سمیت 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،

4 فرار ہونے میں کامیاب، گرفتار ڈاکوؤں سے ڈکیتی کی وارداتوں میں چھینا گیا موٹرسائیکل ،لوٹی گئی نقدی،اسلحہ ،موبائلز ودیگر سامان برآمد

بدھ 3 جون 2020 12:51

فیصل ۱ٓباد میں یکے بعد دیگرے 2 پولیس مقابلے،سنگین جرائم کی وارداتوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) فیصل ۱ٓباد میں منگل وبدھ کی درمیانی شب یکے بعد دیگرے 2 پولیس مقابلوں میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب اوڈھ گینگ کے 2 ڈاکوئوں سمیت 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرلئے گئے جبکہ 4فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے نیز گرفتار ڈاکوؤں سے ڈکیتی کی وارداتوں میں چھینا گیا موٹرسائیکل ،لوٹی گئی نقدی،اسلحہ ،موبائلز ودیگر سامان برآمدکرلیاگیا۔

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بدھ کی صبح اے پی پی کو بتایاکہ پہلے واقعہ میں پولیس تھانہ ٹھیکری والا فیصل آباد کو اطلاع ملی کہ 4 مسلح ڈاکو ایک شخص سے گن پوائنٹ پر نقدی ،موبائل ودیگر سامان لوٹ کر فرار ہورہے ہیں جس پر ایس ایچ او پولیس تھانہ ٹھیکری والا کی زیر نگرانی مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس دوران پولیس نے دوموٹرسائیکلوں پر سوار 4مشکوک افراد کو ناکہ کی طرف آتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں بدنام زمانہ اوڈھ گینگ کے 2ڈاکو علی شیر عرف عنصر ولد نذر قوم اوڈھ اور فرحان حیدر عرف موچھا ولد خان محمد قوم اوڈھ گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لوٹی گئی نقدی ،موبائلز ودیگر سامان برآمد کرلیاگیا تاہم ان کے 2ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

انہوں نے بتایاکہ دوسرے واقعہ میں پولیس تھانہ مرید والا فیصل آباد کو ریسکیو15کے ذریعے اطلاع ملی کہ 4مسلح ڈاکو ایک شہری سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل ،نقدی اور موبائل چھین کر فرار ہورہے ہیں جس پر ایس ایچ او پولیس تھانہ مرید والا فیصل آباد نے اپنی نفری کے ہمراہ علاقہ کی ناکہ بندی کرلی ۔ اسی دوران ظفر چوک کے قریب دوموٹرسائیکلوں پر سوار 4مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیاگیا مگر وہ فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے لگے ۔

اس دوران پولیس پارٹی نے ملزمان کا پیچھا کرکے انہیں ایک مقام پر روک لیا تاہم ملزمان نے فائرنگ دوبارہ شروع کردی جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں 2ڈاکو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں زخمی حالت میں گرفتا رکرکے ان کے قبضہ سے شہری سے چھینی گئی موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل برآمد کرلئے گئے تاہم ملزمان کے دوساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایاکہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت اور ان کا کریمینل ریکارڈ مرتب کیاجارہا ہے جبکہ طبی امداد کی فراہمی کے بعد ان سے مزید تفتیش بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ ملزمان کے سنگین نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی امکان ہے۔