کمشنر کی زیرِ صدارت گندم خریداری، کورونا، پرائس کنٹرول وٹائیگرفورس بارے اجلاس منعقد

بدھ 3 جون 2020 14:03

کمشنر کی زیرِ صدارت گندم خریداری، کورونا، پرائس کنٹرول وٹائیگرفورس ..
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے سرکاری باردانہ واپس نہ کرنے والے کسانوں ‘ آڑھتیوں او رتاجروں کو جیلوںمیں ڈالنے اور باردانہ بازیاب کروانے کا حکم دیاہے جبکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کورونا کے بڑھتے مریضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پر ہجوم جگہوں کو سیل کر دیں تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری ‘ کورونا ‘ پرائس کنٹرول وٹائیگرفورس بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز عبداللہ نیئر شیخ ‘ مسرت جبین ‘ عمر شیر چٹھہ ‘ موسی رضا ‘ ڈائریکٹر زراعت فیض محمد کندی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ انجم سردار ودیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے گندم کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر محکمہ خوراک کی ناقص پالیسی کو قرار دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سسٹم کو مربوط بنائیں ۔

ڈویژن میں گندم کی پیداوار پر نظر رکھیں۔ کاشت او ربرد اشت کے اعدادوشمار موجود ہونے چاہیں تاکہ حکومت کو اہداف مقرر کرنے میں پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر گندم خریداری ہدف مکمل کریں ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ہدف کے حصول کیلئے بالخصوص آخری حد تک جائیں ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے انٹیلی جنس سسٹم کو مضبوط او رمستحکم بنا کر خفیہ خانوں میں چھپی گندم باہر نکلوائیں اور انہیںر انہیں سرکاری خریداری مراکز پر لائیں ۔

اجلاس میں انہوں نے تمام اضلاع میں کورونا اقدامات کو سخت بنانے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر کورونا ٹیسٹ لیبارٹریاں قائم کرنے کے منصوبے کو تیز تر کرنے کی ہدایت کی تاکہ مستقبل قریب میں پیش آمدہ خطرات سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے تمام افسران او رعملہ کے ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی تاکہ اس مرض کو انتظامی اداروں میں پھیلنے سے روکا جاسکے ۔

کمشنر نے پرائس مجسٹریٹوں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کی ہدایت کی او رناقص کارکردگی والے مجسٹریٹوں کا تعین کر کے رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے عام مارکیٹ میں خلاف ورزیوں کی وجوہات جاننے کیلئے میکنزم مرتب کرنے او رطلب ورسد پر نظر رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنا جاسکے ۔ اجلاس میں کمشنر نے ٹائیگر فورس کی رضا کارانہ خدمات کے مفید او رموثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں رضاکارانہ خدمات کے فروغ کیلئے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔انہیں عوام میں آگاہی او رشعور کی بیداری کیلئے استعمال کیا جائے ۔ انہیں یوٹیلٹی سٹوروں ‘ ہسپتالوں ‘ کورونا سدباب کمیٹیوں ‘ انسداد ڈینگی وپولیو مہمات کا حصہ بنایا جائے ۔انہیں ان کے گھروں کے قریب تعینات کیا جائے او رخدمات کی ادائیگی میں انہیں آسانیاں بہم پہنچائی جائیں ۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںنے بریفنگ دی۔