بھارت جبر واستبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میںناکام رہا ہے‘مجید ملک

بدھ 3 جون 2020 14:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما عبدالمجید ملک نے کہا ہے کہ بھارت بیگناہ کشمیریوں کے قتل، غیر انسانی محاصرے اور جبر و استبداد کی دیگر کاروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عبدالمجید ملک نے گجرانوالہ میں کشمیری نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے تمام تر ظالمانہ اقدامات کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ آزادی اور پاکستان کے ساتھ محبت کو نہیں نکال سکا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری نوجوانوں کے قتل، گرفتاری، تشدد ، گھروںکی تباہی، خواتین کی آبروریزی اور ظالمانہ اقدامات سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکی ہے اور وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد عزم و ہمت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر جبر ی طور پر قبضہ جمارکھا ہے اور کشمیری نوجوان اپنی جانیں قربان کر کے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین پر بھارت کا یہ غیر قانونی قبضہ مستردکر تے ہیں۔

عبدالمجید نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر بھی تلا ہوا ہے اور گزشتہ ہفتے دیڑھ لاکھ بھارتی ہندوئوں کو کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجرا اس مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر بھی بلا اشتعال گولہ باری کر رہا ہے جس کی وجہ سے آزاد کشمیر میں بھی بیگناہ شہری شہید ہو رہے ہیںجس پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ عبدالمجید ملک نے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے۔