پنجاب کے 12 اضلاع ٹڈی دل کے حملہ سے شدید متا ثر ہیں،ایوب ریسرچ کے سائنسدان ٹڈی دل کے تدارک کیلئے دن رات ریسرچ کررہے ہیں اور بہت جلد اس کے غیر کیمیائی انسداد کے بارے میںخوشخبری دی جا ئے گی، ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ

بدھ 3 جون 2020 14:17

پنجاب کے 12 اضلاع ٹڈی دل کے حملہ سے شدید متا ثر ہیں،ایوب ریسرچ کے سائنسدان ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ نے کہا ہے کہ ٹڈی دل خطرناک نقصان دہ کیڑا ہے جو ہر طرح کی فصلات اور درختوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور اپنے سامنے آنے والے ہر قسم کے سبزہ کو کھا جاتاہے جبکہ پنجاب کے 12 اضلاع ٹڈی دل کے حملہ سے متا ثرہ ہیں۔ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد میں قائم ٹڈی دل کنٹرول سیل کے دورہ کے دوران نہوںنے ٹڈی دل کنٹرول سیل میں ٹڈی دل پر ہونے والے تجربات کے مشاہدہ اورٹڈی دل کے بارے میں تحقیقی سر گرمیوں میںحصہ لینے والے سائنسدانوںکی حوصلہ افزا ئی کرتے ہو ئے کہا کہ ادارہ ہذا کے سائنسدان ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کوشاں ہیں اور بہت جلد اس کے غیر کیمیائی انسداد کے بارے میںخوشخبری دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں قائم کردہ ٹڈی دل کنٹرول سیل نے 20 سے زائد زرعی زہروں پر تجربات مکمل کرلیے ہیں جبکہ زرعی سائنسدانوںنے یہ تجربات ٹڈی دل کی مختلف 6 سٹیج پر مکمل کئے ہیں جبکہ ان زہروںکو جن مختلف مقداروںپر ٹڈی دل پر ٹیسٹ کیا گیاہے جبکہ ان زہروں میں سے 5 زہرو ں کے نتا ئج حوصلہ افزاء ثابت ہوئے ہیں نیز ان تحقیقی تجربات سے حاصل کردہ نتائج سے محکمہ زراعت توسیع کے افسران کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسانوں کی بروقت رہنمائی کی جا سکے علاوہ ازیںمتعلقہ محکمہ بھی ٹڈی دل کنٹرول کے لیے متعین زہر لیمیڈا ہیلو تھرین کے ذریعے ٹڈی دل کے متا ثرہ علا قوں میں سپرے کرکے ٹڈی دل کو بہتر طریقہ سے کنٹرول کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایو ب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں ٹڈی دل کے تدارک کیلئے مختلف پہلووں پر تحقیقا تی سرگرمیاں جاری ہیںخاص طور پر ٹڈی دل کے دور حیات کا مختلف درجہ حرارت پرمشاہدہ کیاجا رہاہے تاکہ اس بارے میں معلوم کیا جاسکے کہ درجہ حرارت اس انتہا ئی نقصان دہ کیڑے پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے علاوہ ازیںسائنسدان اس پر بھی تحقیق کررہے ہیں کہ ٹڈی دل کی کوئی سٹیج ایسی بھی ہے جو کہ آسانی سے کنٹرول کی جاسکتی ہو اس کے ساتھ ساتھ با ئیو پیسٹی سائیڈزپر بھی تجربات جاری ہیں تا کہ ماحول دوست زہروں کا استعما ل کر کے ٹڈی دل کے کنٹرول کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر عابد محمود نے مزید کہا کہ خریف کی فصلات کپاس ،سورج مکھی ، اور مختلف چارہ جات کو ٹڈی دل سے شدید خطرات لاحق ہیںلہٰذا ٹڈی دل کے خلاف بروقت کاروائی کرکے ہی اس پر کنٹرول کیا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :