طیارہ حادثہ،کاک پٹ وائس اور فلائٹ ریکارڈ کا ڈیٹا کامیابی سے حاصل کرلیا گیا، جانچ پڑتال جاری

بدھ 3 جون 2020 15:17

طیارہ حادثہ،کاک پٹ وائس اور فلائٹ ریکارڈ کا ڈیٹا کامیابی سے حاصل کرلیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) ماڈل کالونی میں گرکر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس اور فلائٹ ریکارڈر کا ڈیٹا کامیابی سے حاصل کرلیا گیا ۔ چند روز قبل ائیر بس ماہرین کی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھا کیے جہاں ماہرین کو طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی ملاجسے طیارہ حادثے کے تفتیشی بورڈ کے حوالے کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ریکارڈر کا ڈیٹا کامیابی سے حاصل کرلیا گیا ہے جس کی پاکستانی حکام کی سفارش پر جانچ پڑتال جاری ہے۔ذارئع کے مطابق طیارے کے دونوں اہم آلات کی جانچ اس ہفتے تک جاری رہے گی۔ذرائع کے مطابق سی وی آر اور ایف ڈی آر ڈیٹا سے تحقیقات میں مدد ملے گی جس کے لیے دونوں تحقیقاتی اداروں کا باہمی اتفاق سے کام جاری ہے۔خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔