چین اور پاکستان خطے میں بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنا دیں گے ، سردار میر اکبر خان

چین نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو بزور قوت روکا ہے ،پاکستان نے بھارت کے دو ڈرون گرا کر ثابت کیا وہ بھارت کی ہر مہم جوئی کی کوشش ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وزیر جنگلات آزاد کشمیر

بدھ 3 جون 2020 15:25

!مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان خطے میں بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنا دیں گے چین نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو بزور قوت روکا ہے جبکہ پاکستان نے بھارت کے دو ڈرون گرا کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بھارت کی ہر مہم جوئی کی کوشش ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بھارت خطے میں اپنی چودھراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے اورآر ایس ایس اور موجودہ مودی سرکار جموں وکشمیر میں ہندوتوا فلاسفی کو پروان چڑھا رہی ہے ہندوستان چین کے ساتھ اپنے حالیہ تناو اور ایل او سی پر اپنی اشتعال انگیزی کو ایک سموکس سکرین کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور اپنا اصل کھیل کشمیر میں کھیل رہا ہے تاکہ وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر سکے اور اپنے فاشسٹ ایجنڈے کو کشمیر میں پایا تکمیل تک پہنچا سکے نئے کالے ڈومیسائل قانون کے نفاذ کے بعد انتہاء پسند ہندوں ، آر ایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے اور کشمیریوں کو اٴْن کی شہریت، ملازمتوں اور زمینوں سے بے دخل کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اس سال کورونا وائرس کی وباء پھوٹنے کے بعد دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹ گئی اور ہندوستان کشمیر میں اپنے مضموم ایجنڈے کو بڑی تیزی کے ساتھ پروان چڑھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

05اگست 2019ء کے ہندوستانی اقدام کے بعد نافذکرفیو کے آج تین سو سے زائد دن ہو چکے ہیں اوراب کشمیر کے ہندوستانی محاصرے کو دس ماہ ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے ڈبل لاک ڈاون کے بعد ہندوستان کشمیریوں کو اپنا دشمن سمجھتے ہوئے انہیں ہندوستانی شہریوں کی طرح کرونا وائرس کے بچاو کے سلسلے میں ماسکس ، سینٹائزرز اور حفاظتی کٹس مہیا نہیں کر رہا ہے جس سے یہ خطرہ لاحق ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کرونا وائرس کی جلد آماجگاہ بن جائے گا۔

کرونا وائرس کے مریضوں کو ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں اور انہیں ادوویات کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جا رہا ہے خواتین کی عزت محفوظ نہیں اور کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، پیلٹ گن کے استعمال سے کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے اور کشمیری حریت رہنماوں کو قید زنداں میں بند کر رکھا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن بہادر کشمیری بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بہادر کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں یہ وقت ہے کہ دنیا کشمیر پر توجہ دے اور مسئلہ کشمیر کا پرٴْامن حل ڈھونڈے بصورت دیگر اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو پھر اس کی لپیٹ میں نہ صرف یہ خطہ بلکہ پوری دنیا آئے گی کشمیری اپنا پیدائشی اور بنیادی حق خودارادیت لے کر رہیں اور اٴْن کی آزادی کی تحریک کو کسی بھی ہتھکنڈے کے تحت دبایا نہیں جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کر تے ہو کیاوزیر جنگلات نے کہاکہ ہندوستان ایک جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے وہ کشمیر کے اندر ایک جعلی سانحہ کرنے کے بعد اٴْس کی آڑ میں آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان پر حملہ کرنا چاہتا ہے لیکن وہ یہ یاد رکھے کہ ہم تیار بیٹھے ہیں اور کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے کرونا کی وباء کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اورکشمیریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کیا جارہا ہے ان کی املاک کو تباہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکام نے نئے کالے ڈومیسائل قانون کے نفاذ کے تحت غیر کشمیری ہندوں کو ڈومیسائل کے اجراء کو پندرہ دنوں کے اندر اندر مکمل کرنے کے احکامات صادر کر رکھے ہیں جس سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ ہندوستان کس تیزی کے ساتھ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر گامزن ہے یہ طرز عمل اسرائیل سے متشابع ہے کیونکہ اسرائیل کے قانون کے تحت کسی بھی فلسطینی تارکین وطن کو فلسطین کی شہریت کا حق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت ہندوستان کے ہندوں میں نفرت کو پروان چڑھا رہی ہے۔ اندرون ہندوستان رہنے والے مسلمان بھی شدید مصائب کا شکار ہیں۔ دہلی میں ہونے والے فسادات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہییںانہوں نے کہا کہ ہندوستان نے آئینی جارحیت کے بعد گزشتہ برس 5اگست سے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے اور اب مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیل کر کے وہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم پر خاموشی بہت بڑی کمزوری ہے۔ دنیا کو بھارت کے عزائم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی ورنہ خطے میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر انسانی ہندوستانی اقدامات کی بدولت کشمیر میں لوگوں کے اندر ہندوستان سے نفرت کا ایک لاوا بن رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیگا ،بھارت کے ڈرون گرا کر پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اس لئے بھارت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔