اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا نوٹس لے، پیپلز لیگ

بدھ 3 جون 2020 15:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے کشمیری شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز لیگ کے رہنماؤں مولوی احمد راتھر اور سید اعجاز رحمانی نے ایک مشترکہ بیان میں پلوامہ ، کولگام ، راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری کاروائیوں اور نوجوانوں کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان آزادی کے مقدس مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتا۔پیپلز لیگ کے رہنماؤں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا نوٹس لے اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے۔