کراچی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد میں ہولناک اضافہ

سب سے زیادہ کیسز کراچی کے ضلع جنوبی، شرقی اور غربی میں ہیں، کراچی میں پہلا کورونا پازیٹو کیس فروری میں رپورٹ ہوا تھا

بدھ 3 جون 2020 16:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) لاک ڈاؤن میں کی گئی نرمی کے بعد شہر قائد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ہولناک اضافہ دیکھاجارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کے شکار افراد کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، سب سے زیادہ کیسز کراچی کے ضلع جنوبی، شرقی اور غربی میں ہیں، کراچی میں پہلا کورونا پازیٹو کیس فروری میں رپورٹ ہوا تھا، 30 اپریل تک کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد 4427 تھی، 15 مئی تک کراچی میں متاثر افراد کی تعداد 11 ہزار 365 تھی، گزشتہ 18 روز میں کراچی میں مزید 14 ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

خواتین اور بچوں میں کورونا وائرس کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے، ہر 100 کورونا پازیٹو کیسز میں 29 خواتین وائرس کا شکار ہورہی ہیں، اس کے علاوہ 17 سال کی عمر کے 1500 سے زائد بچے بھی کورونا سے متاثر ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں کورونا کے شکار افراد کی اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوم آئسولیشن کے دوران رپورٹ ہوئیں، کورونا سے متاثرہ 80 افراد ہوم آئسولیشن کے دوران جاں بحق ہوئے جن میں سے 59 افراد کا تعلق کراچی سے تھا۔

ایک سے 10 سال کے 2 بچے ، 11 سے 20 کے 8 لڑکے اور نوجوان۔21 سے 30 سال کے 12 نوجوان، 31 سے 40 سال کے 28 جب کہ 41 سے 50 سال تک کی عمر کے 67 افراد لقمہ اجل بنے۔سندھ میں کورونا 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی سب سے زیادہ اموات کا سبب بنا ہے، 51 سے 60 سال کے درمیان کے 153 ، 61 سے 70 سال کے درمیان کے 161 ، 71سے 80 سال کی عمر کے 82 جب کہ 81 سے 90 سال کی عمر کے 32 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے۔کراچی کے ڈا اسپتال اوجھا کیمپس میں سب سے زیادہ 67، جناح اسپتال میں 64، ایس آئی یو ٹی میں 58، آغا خان اسپتال 54 ، انڈس 45 اور سول اسپتال میں کورونا کے 44 مریض جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ ضیاالدین اسپتال میں 29 اور پی این ایس شفا میں 14، لیاقت نیشنل 4 ، ساتھ سٹی 4 اور ٹبہ اسپتال میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔