شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں چھت گرنے سے جاں بحق6 بچوں کے لواحقین میں فی کس تین تین لاکھ کے امدادی چیکس تقسیم

بدھ 3 جون 2020 17:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں چھت گرنے سے جاں بحق6 بچوں کے لواحقین میں فی کس تین تین لاکھ کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس کی تیاری کی جارہی ہے ۔ شمالی وزیرستان کے مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز شیواہ کے علاقے زیر جان کوٹ میں دینی مدرسے میں درس قرآن کے دوران چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق ہوئے تھے ان کے لواحقین کو صوبائی وزیر برائے ریلیف، تعمیر نو اور ابادکاری اقبال وزیر اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے بغیر کسی تاخیر کے فی کس تین تین لاکھ کے چیکس دئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس بھی تیاری کے مراحل میں ہیں جو بہت جلد زخمی بچوں کے لواحقین کو حوالے کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ گوکہ مذکورہ رقم ان بچوں کے نقصان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں تاہم حکومت نے جاں بجق بچوں کے لواحقین کے درد اور غم کو کم سے کم کرنے کیلئے فوری اقدام کیا جبکہ زخمی بچوں کے والدین کو بھی ایک ایک لاکھ روپے آئندہ ایک دو دن میں دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے بچوں کا علاج صحیح طریقے سے کر سکے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں ایک دینی مدرسے کا چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق جبکہ سات بچے زخمی ہوئے تھے ۔