کراچی میں بجلی بحران سنگین ہونے کا خدشہ

کے الیکٹرک نے فرنس آئل کی سپلائی میں کمی کو بجلی بحران کی وجہ قرار دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا اشارہ دے دیا

بدھ 3 جون 2020 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) کراچی میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، کے الیکٹرک نے فرنس آئل کی سپلائی میں کمی کو بجلی بحران کی وجہ قرار دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا اشارہ دے دیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ادارے کو فرنس آئل کی مطلوبہ سپلائی میسر نہیں ہے، گرمی بڑھنے اور کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے بجلی کی طلب بڑھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنس آئل کی کمی سے بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے، طلب میں اضافے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ناگزیر ہوگئی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔دوسری جانب شہریوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کررہی ہے، ہر موسم گرما میں مصنوعی بحران پیدا کرکے حکومت سے فنڈز مانگے جاتے ہیں۔شہریوں نے شکوہ کیا کہ کراچی میں کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ پہلے ہی معمول ہے، ایوریج اور ڈبل بلنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹا جارہا ہے۔اس صورتحال پر ترجمان کے الیکٹرک نیکہا کہ فرنس آئل کی سپلائی بہتر ہوتے ہی بجلی کی پیداوار میں بہتری کی امید ہے۔