جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ کے نائب چیئرمین زاہد اشرف کی مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگوں کے قتل کی مذمت

بدھ 3 جون 2020 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما اور جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ کے نائب چیئرمین زاہد اشرف نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے اطراف وانکاف میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق زاہد اشرف نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میںکہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے اپنے ہندو توا کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا ہواہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری اس فرقہ پرست ذہنیت کا شکار بن رہے ہیں جو اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو آواز کو خاموش کرانے کیلئے کمر بستہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ وہی فرقہ پرست جنونیت ہے جو اپنے ہمسائیوں پاکستان ، نیپال او رچین کے علاقوں میں سازشوں کے جال بن رہی ہے لیکن بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اسکے شیطانی منصوبے خود اس پر بھاری پڑیں گے۔

(جاری ہے)

زاہد اشرف نے کہا کہ لداخ اور نیپال کی سرزمینوں پر حالیہ مقابلے بھی بھارت کو مہنگے پڑھ گئے کیونکہ اس نے نہ صرف لداخ میں گلوان وادی کھو دی بلکہ اسے نیپال نے بھی سخت جواب دے دیا۔زاہد اشرف نے اقوام متحدہ اور مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نوجوانوں کے قتل اور خطے میں امن و استحکام کیلئے ایک سنگین خطرے کا باعث فرقہ پرست بھارتی حکومت کی کارستانیوں کا سخت نوٹس لے۔