حکومت بلوچستان سرکاری امدادکو منصفانہ طریقے پر تقسیم کاکام انجام دینے میں کامیاب نہیں ہوسکی ، مو لا نا عبد الحق ہا شمی

عوامی سطح پر بہت شکایات موجودہیں اسی طرح صحت کا شعبہ بھی بیرونی امداد کے باوجودکارکردگی نہ دکھاسکابلکہ وہ این جی اوزسے مدد مانگتانظرآیا بے روزگاری کے تدارک کا کوئی منصوبہ حکومت کے سامنے نہیں ہے، امیر جماعت اسلامی بلوچستان

بدھ 3 جون 2020 17:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ کورونا لاک ڈائون میں یہ پہلاباضابطہ اجلاس ہے ہماری تنظیم ان تین ماہ میں خدمت خلق کے میدان میں بہت فعال رہی ہے ہم نے آگہی اور امدادی مہم کو بھر پور طور پر چلائی ہے ہم اپنے اوپرعوام اور اہل خیر کے اعتماد کا شکر گزارہیں حکومت بلوچستان سرکاری امدادکو منصفانہ طریقے پر تقسیم کاکام انجام دینے میں کامیاب نہیں ہوسکی عوامی سطح پر بہت شکایات موجودہیں اسی طرح صحت کا شعبہ بھی بیرونی امداد کے باوجودکارکردگی نہ دکھاسکا بلکہ وہ این جی اوزسے مدد مانگتانظرآیا بے روزگاری کے تدارک کا کوئی منصوبہ حکومت کے سامنے نہیں ہے کسانوں کو پانی کی قلت ،بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹڈی دل کا مسئلہ درپیش ہے اور انہیں ریلیف دینے اور جراثیم کش سپرے کاکوئی انتظام نظر نہیں آرہا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ہر فورم پرعوامی مسائل کو اجاگر اوران کے حل کیلئے کوشش کرتی رہیگی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی ذمہ داران اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،بشیراحمدماندائی ،ڈاکٹر عطاء الرحمان ،میر محمد عاصم سنجرانی ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحمیدمنصوری ،پروفیسر سلطان محمد کاکڑ،حافظ خالد الرحمان شاہوانی ،ناظم مالیات سلطان محمد محنتی ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر نورالدین غلزئی ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے شرکت کی اس موقع پرصوبائی ذمہ داران وشعبہ جات کے نگران نے اپنی اپنی تنظیمی رپورٹ پیش کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں بدامنی ،فرقہ واریت ولسانیت کو ہوادینے کی ساز ش ہورہی ہے جوسب کیلئے نقصان دہ ہے لاک ڈائون نے ہر طبقہ متاثرہوا ہے مگر حکومت کو کسی کی فکر نہیں حکومت صرف قرضے لینے ،بے عمل اعلانات پر گزارہ کررہے ہیں عوام کو ان کی بری حالت پر چھوڑ دیا گیا جو لمحہ فکریہ ہے ۔حکومت ہرمتاثرہ طبقے کیلئے ریلیف وامداد کا اعلان کریں تاجر برادری قیمتوں میں بلاجوازاضافہ سے گریز کریں ۔

سخت گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ،پانی کی قلت نے عوام کے مسائل میں بدترین اضافہ کردیا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں ذمہ داران وکارکنان کی خدمات قابل قدراور قابل تقلید ہیں لاک ڈائون میں میدان عمل میں صرف جماعت اسلامی کے کارکنان والخدمت کے رضاکار اللہ کی رضا وخوشنودی اور پریشان حال لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے موجودتھے جس پر ہمیں فخر ہے دیانت وامانت اور خدمت کے نئے ریکارڈ بنائے ہمارامقصدصر ف اور صرف اللہ کی رضا وخوشنودی ہے ہم انسانیت کی خدمت ،اسلامی نظام کا نفاذ اور لوگوںکے مسائل حل کرناچاہتے ہیں ۔