چکن میں کرونا وائرس کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں ، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن

بدھ 3 جون 2020 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن نے سوشل میڈیااور اخبارات پر چکن میں کرونا وائرس کی بے بنیاد موجودگی کی خبر کی سختی سے تردید کردی ہی ،پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نادرن ریجن کے وائس چیئر مین چوہدری محمد فرغام نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر نجی بلاگرز کے ذریعے چکن میں کرونا وائرس کی موجودگی کی بے بنیاد خبریں نشر ہوتی نظر آرہی ہیں،ان تمام تر گردش کی جانے والی خبروں کی پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن سختی سے تردید کرتی ہے۔

مورخہ 24مارچ2020کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اورپروفیسر محمد اشرف نظامی صدر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ا یشن،ڈاکٹر سومیہ اقتدارجنرل سیکرٹری پاکستان سوسائیٹی آف انٹرنل میڈیسن،پروفیسر زرفشا ڈین، انسٹیٹوٹ آف پبلک ہیلتھ،پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشاوائس چانسلر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن،ڈاکٹر محمد ناصر جنرل سیکرٹری، پاکستا ن سوسائیٹی آف فوڈسائنسز اینڈ ٹیکنالوجی،پروفیسر مسعود صادق صدر، پاکستان پیڈاٹرک ایسوسی ایشن اورڈاکٹر طارق محمود میاں صدر،پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بہت علمی غوروخوض کے بعد عوام الناس کو مسلسل کئی روز تک بذریعہ میڈیا بتاتے رہے ہیں کہ انسانی جسم کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیئے تمام ڈاکٹر صاحبان نے سفارشات دی ہیں کہ ہر فرد،خاندان،سوسائٹی اور ریاست اعلیٰ قسم کی پروٹین والی غذائوںمثلاً دودھ، مرغی،گوشت،مچھلی،انڈے والی متوازن غذائوں کو ترویج دیں اور ریاست کی سطح پر موجودہ بیماری کی اعلاج کے لئے مندرجہ بالا 8 میڈیکل اداراجات میں سے کسی ایک سے رابطہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

نیز منسٹری آف نیشنل فوڈ سیکورٹی،گورنمنٹ آف پاکستان اورپولٹری ریسرچ انسٹیوٹ گورنمنٹ آف پنجاب اس قسم کے گمراہ کن پروپیگینڈہ جو غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش چکن کے گوشت کے استعمال کو متاثر کر رہا ہے اس کی حوصلہ شکنی کرتی ہیں۔