جہلم، 15 جون تک ایس او پیز کے ساتھ لاک ڈاؤن میں نرمی لائی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 3 جون 2020 17:34

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق 15 جون تک ایس او پیز کے ساتھ لاک ڈاؤن میں نرمی لائی گئی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہفتے میں سات دن تمام میڈیکل سٹورز،فارمیسییز، ٹائر شاپس، فروٹ و سبزی کی دکانیں، تندور آٹا چکیں، پوسٹل سروسز، ڈرائیور ہوٹل، پیٹرول پمپس، زراعی مشینری کی دوکانیں، پرنٹنگ پریس، کال سنٹرز، ہوم ڈیلیوری اور کھانا لے کر جانے والے مراکز نصف سٹاف کے ساتھ 24 گھنٹے کھلی رہ سکتی ہیں، جبکہ گراسری اور کریانہ سٹور مالکان کو صبح 9 سے شام 7 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔

تعلیمی ادارے ، شادی ہالز، ریستوران، پارکس، بیوٹی پارلر اور سنیما ہال تا حکم ثانی بند رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انکے علاوہ تمام کاروباری مرکز، فیکٹریاں، چھوٹی بڑی دکانیں، شاپنگ مالز، پلازے ہفتے میں پانچ دن پیر تا جمعہ صبح 9 تا شام 7 بجے تک کھولے جا سکتے ہیں۔ ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، اندروں شہر اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ چلے گی۔

تمام چرچ صبح سات تا شام 5 بجے تک صرف اتوار کے روز کھل سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ دودھ دہی کی دکانیں، تندور، میڈیکل سٹورز پورا ہفتہ 24 گھنٹے اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گے ۔ ریسٹورینٹ 24 گھنٹے صرف پارسل اور ٹیک اوے کی سہولت فراہم کر سکیں گے ۔ انٹر سٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی نہیں ہے ۔ مذہبی، سماجی اور دیگر تقریبات پرپابندی عائد رہے گی۔