وزیر زراعت کی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ عبدا للہ خان سنبل سے ملاقات

وزیر اعلی عثمان بزدار زرعی شعبہ کی ترقی میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جس کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں‘نعمان لنگڑیال

بدھ 3 جون 2020 18:21

وزیر زراعت کی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ عبدا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ عبدا للہ خان سنبل سے ملاقات کی جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور خصوصامحکمہ زراعت کیلئے بجٹ مختص کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب ایگریکلچرل ریگولیٹری اتھارٹی ( پامرا) نوید احمد بھنڈر اور وزیر زراعت کے چیف ایڈوائزر شاہد قادر بھی موجود تھے ۔

سیکرٹری خزانہ عبد اللہ خان سنبل نے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کو خوش آمدید کہا ۔وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کو گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال گندم کی 10لاکھ ٹن اضافی پیداوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موسم کی غیر معمولی صورتحال اور کورونا جیسی وبا کے حالات میں بھی محکمہ زراعت اور کسان کی بھرپور محنت کی وجہ سے گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ۔

(جاری ہے)

ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار زرعی شعبہ کی ترقی میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ عبد اللہ خان سنبل سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محکمہ زراعت اور کسان کی ترقی کیلئے بجٹ مختص کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دے کر ہم مختلف صنعتوںکو بھی پروان چڑھا سکتے ہیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے مخدوم ہاشم جواں بخت کو بہترین وزیر خزانہ عبد اللہ خان سنبل کو بہترین سیکرٹری خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود آپ کی قیادت میں صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کو صوبے کی ترقی کا ٹول بنانے کیلئے تجاویز مرتب کی جارہی ہیں۔