سیکر ٹری آر ٹی اے کا شہر بھر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں کا دورہ، حکومتی ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لیا

بدھ 3 جون 2020 18:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین نے شہر بھر کے پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کا ہنگامی دورہ کیا اور انسداد کورونا اقدامات کو تفصیلی چیک کیا۔انہوں نے گاڑیوں میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کے بخار چیک،ہینڈ سینیٹائزکرنے سمیت ٹرانسپورٹس میں جراثیم کش سپرے کرانے کے عمل کا جائزہ لیا اور ٹرانسپورٹرز کو سخت تاکید کی کہ انسدادکورونا اقدامات میں غفلت کی معمولی سی بھی گنجائش نہیں۔

انہوں نے مسافروں سے کہا کہ وہ دوران سفر فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں جس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے بس سٹینڈز پر حکومت کے مقرر کر دہ کرایہ ناموں کو بھی چیک کیا اور واضح کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات مسافروں تک پہنچے چاہیں جبکہ اوورچارجنگ یا اوور لوڈنگ قطعا برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسافروں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنرز تاندلیانوالہ،چک جھمرہ اسامہ شارون نیازی اور امتیاز بیگ نے اپنی تحصیلوں کی مختلف شاہرات پر پٹرول پمپس کو چیک کیا اور پٹرول پمپس پر پٹرول وڈیزل کی موجودگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے بعض مقامات پر ٹوٹل،شیل،ہیسکول اور دیگر پٹرول پمپس کو فوری سپلائی کا بندوبست کرنے کی تاکید کی اور موقع پر موجود صارفین سے بھی پٹرول وڈیزنل کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اور یقین دلایا کہ مصنوعی شارٹیج کرنیوالوں سے سختی سے نمٹیں گے۔