نریندر مودی اور بھارت کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ‘چوہدر ی محمد سرور

دنیا بھارتی مظالم کا مزید تماشہ دیکھنے کی بجائے بھارت کو فوری طور پر دہشت گرد ملک قرار دے ‘گورنرپنجاب

بدھ 3 جون 2020 20:17

نریندر مودی اور بھارت کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ‘چوہدر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں13کشمیر یوں کے ماورائے عدالت قتل کوبدتر ین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نر یندر مودی اور بھارت کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔دنیا بھارتی مظالم کا مزید تماشہ دیکھنے کی بجائے بھارت کو فوری طور پر دہشت گرد ملک قرار دے ۔

کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیتوں میں بدلنے جیسا بھارتی منصوبہ خطے میں اًمن کی تباہی ہے اور ایسے منصوبوں سے بھارت خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مار رہا ہے۔ وہ بدھ کے روز گور نر ہائوس، لاہور میں تحر یک انصاف کے مر کزی رکن حاجی محمد رمضان سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی سمیت ہر قسم کی حمایت کر رہے ہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نر یندر مودی کے مشن کے تحت نام نہاد انسداد دراندازی آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ عالمی برادری اس بدتر ین دہشت گردی کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم سے روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو یہ بات سمجھ لینا چاہیے کہ اس کی بربریت کشمیری عوام کے عزم کو توڑ نہیں سکتی ہے اور نہ ہی اس کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹا سکتا ہے ہر کشمیری کی شہادت کشمیریوں کے بھارتی قبضے سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں3سو سے زائد دن سے بدتر ین کر فیو لگا کر کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے مگر اسکے باوجود تاریخ گواہ ہے کہ تحر یک آزادی کشمیر ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط اور فعال ہو رہی ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیر یوں کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادی دینے کے سواکوئی آپشن نہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوگا خطے میں اًمن بھی قائم نہیں ہوسکتا۔