وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ

دوطرفہ تعلقات، کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 3 جون 2020 20:56

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 25 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے بدھ کو کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔

دونوں وزراء کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وباء کے حوالہ سے کینیڈا کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے اس وباء سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ ایک طرف کورونا جیسی عالمی وباء سے نبرد آزما ہے تو دوسری طرف معاشی بحران کا شکار لاکھوں غریب پاکستانیوں کی معاشی معاونت کیلئے کوشاں ہے، پاکستان اس وقت کورونا کی انتہائی سطح کو چھو رہا ہے، ہمیں بیک وقت دو چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور دوسری طرف اپنے لوگوں کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 فیصد پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے احساس پروگرام کے تحت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ترقی پذیر ممالک کی ابتر معاشی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے ’’ڈیٹ ریلیف‘‘ کی فراہمی کی تجویز دی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ جی 20 اور دیگر اہم فورمز پر اس تجویز کو نہ صرف زیر بحث لایا گیا بلکہ اس تجویز کے پیش نظر عملی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں لیکن اس چیلنج کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اقدام ناکافی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ کینیڈا جی 7 اور جی 20 فورمز کا اہم اور فعال رکن ہونے کے ناطے اس ڈیٹ ریلیف تجویز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد کرے گا۔

کینیڈین وزیر نے ڈیٹ ریلیف تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا ایک عالمی چیلنج ہے، ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کینیڈین وزیر نے کہا کہ ہم کورونا وباء کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمہ کیلئے بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی معاونت کیلئے عالمی کانفرنس کے انعقاد اور وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرنے پر کینیڈین وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کے ساتھ ساتھ ہمیں ٹڈی دل کے حملے کا بھی سامنا ہے جس سے زراعت کے شعبہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کشی اور انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ہندوتوا سوچ پر عملدرآمد کے ذریعے پورے خطہ کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کے درپے ہے، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے امن پسند شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسلمانوں کو کورونا وباء کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے کر ان کی مسلسل تضحیک کر رہا ہے، عالمی برادری کو ہندوستان کے اس منفی رویہ کا نوٹس لینا چاہئے۔ دونوں وزراء نے کورونا وباء سے نمٹنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔