وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلا س

آزادکشمیر کرمینل لاء ترمیمی بل ،آزادجموں کشمیر سروس ٹربیونل آرڈیننس 2020،آزادجموں کشمیر پبلک سروس کمیشن آرڈیننس کی ترمیمی منظوری دے دی

بدھ 3 جون 2020 22:38

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلا س میں آزادکشمیر کرمینل لاء ترمیمی بل ،آزادجموں کشمیر سروس ٹربیونل آرڈیننس 2020،آزادجموں کشمیر پبلک سروس کمیشن آرڈیننس کی ترمیمی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات کی کو سراہتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری شعبہ کے لیے بھی رعائتوں کی منظوری دی گئی ۔

اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،راجہ نثار احمد خان، چوہدری محمد عزیر ،ڈاکٹر نجیب نقی ،محترمہ نورین عارف ،بیرسٹر افتخار گیلانی ،سید شوکت علی شاہ ،کرنل ریٹائرڈ وقار نور ،راجہ مشتاق احمد منہاس،احمد رضا قادری ،ڈاکٹر مصطفی بشیر ،چوہدری شہزاد محمود ،فاروق احمد طاہر ،یاسین گلشن ،چوہدری محمد اسماعیل ،مسعود خالد ،چوہدری رخسار ،سردار میر اکبر ،سردار فاروق سکندر ،ناصر حسین ڈار،راجہ جاوید اقبال، معاون خصوصی راجہ امداد علی طارق، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی ، محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کابینہ کو بتایا گیا کہ آزادکشمیر میں حکومت آزادکشمیر نے ابھی تک اپنے نارمل اور ترقیاتی بجٹ سے 47کروڑ روپے کے اخراجات کیے ہیں ۔جن میں حکومت نے تمام اضلاع میں آئسولیشن وارڈ،مظفرآباد میں آئسولیشن ہسپتال بنک روڈ کا قیام ،نیو وزیراعظم ہائوس میں پچاس بیڈز کا آئسولیشن ہسپتال ،نیوسٹی ٹیچنگ ہسپتال کو آئسولیشن ہسپتال بنایا گیا ۔آفیسر کلب باغ اور چمن کوٹ میں بھی آئسولیشن ہسپتال قائم کیے گئے ۔

منظور ہونے والے مسودات قانون کے مطابق احمد رضا قادری وزیر حکومت کی جانب سے پیش کردہ بل پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق منظوری دی گئی جس کے مطابق کرمینل لاء ترمیمی بل میں 18سال سے کم عمر کے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مرتکب افراد کے لیے سزائے موت کے علاوہ جنسی صلاحیت سے محرومی اور عمر قیدکی بھی سزائیں دی جائیںگی جبکہ کم از کم دس لاکھ سے پچاس لاکھ روپے تک کا جرمانہ ہو گا۔

ان مقدمات کا ٹرائل 60دنوں کے اندر ہو گا اگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر ان دنوں میں مکمل نہ ہو سکا تو صرف 30دن کی مزید مہلت دی جا سکے گی۔ ٹرائل کو شفاف بنانے کے لیے کم از کم ڈی ایس پی ،اے ایس پی لیول کا آفیسر ہی اس طرح کے معاملات کی تفتیش پر مامور کیا جائے گا ۔کابینہ اجلاس میں سروس ٹربیونل آرڈیننس 2020کی منظوری دے دی گئی جس کے تحت سروس ٹربیونل ممبران کی مدت جو کے 23مارچ کو ختم ہو رہی تھی مستقل چیف جسٹس صاحبان کے نہ ہونے کے باعث ضروری مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکتا جس کے لیے 31جولائی تک ممبران کی توسیع دی گئی ہے ۔

اجلاس میں اکلاس کے خاتمے کے بعد ٹمبر ٹریڈ ایکٹ 1976میں ترمیم کے حوالے سے ورکنگ پیپر کی بھی منظوری دی گئی جو کہ محکمہ اکلاس کے خاتمے کے بعد لکڑی کی نکاسی اور دیگر امور کے حوالے سے پیدا ہونے والے ابہام کو دور کیا جا سکے گا ۔ اجلاس میں آزادجموں کشمیر لاء کمیشن ترمیمی ایکٹ کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت تا وقت تعیناتی سیکرٹری قانون بالحاظ عہدہ سیکرٹری کمیشن کے فرائض سرانجام دیں گے اس کے علاوہ دیگر مالیاتی امور کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی ہے ۔

کابینہ اجلاس میں ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل سٹاف ،پولیس انتظامیہ ،ایس ڈی ایم اے سمیت دیگر تمام اداروں کو اپنے فرائض مشکل حالات میں جانفشانی سے ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی قیادت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے بروقت اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا گیا اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا اور ہندوستا ن کی جانب سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے ،لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری کی شدید مذمت کی گئی مقبوضہ کشمیر کے اندر کورونا وائرس کے تیزی سے پھلائو پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

اجلاس میں پاک فوج کی جانب سے سیز فائر لائن پر ہندوستانی افواج کو بھرپور جواب دینے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں پی آئی اے کے طیارے حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری الطاف ،مبارک اعوان سمیت دیگر کی وفات پر بھی فاتحہ خوانی کی گئی ۔

اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے وطن واپس آنے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم آزادکشمیر اور وزراء کرام عوام کے اندر شعور آگائی ،احتیاطی تدابیراپنانے کے حوالے سے اپنا بھرپور انفرادی و اجتمائی کردار ادا کریں گے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اس وباء سے محفوظ رکھے ابھی تک اس کا کوئی علاج دریافت نہیں ہو سکا ۔ ہر عمر کے لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور بدقسمتی سے آزادکشمیر کے اندر اس وائرس میں متاثر ہونے والوں کی شرح سب سے زیادہ بیس سال سے ساٹھ سال کے درمیان ہے جو کہ بڑی تشویشناک ہے اب یہ مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے آزادکشمیر میں سات ہزار ٹیسٹ کر چکے ہیں اب رینڈم ٹیسٹ کیے جائیں اور ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بھرپور بنایا جائے وبا کے بارے میں پہلے سے منصوبہ بندی مشکل ہے امریکہ اور یورپ آج کہاں کھڑے ہیں وہ ہمارے سامنے ہیں تمام محکمہ جات نے بہترین کام کیا۔

کابینہ انتظامیہ کے ارکان نے بھی بہترین کام کیا آزادکشمیر میں اس وقت تین پی سی آرز مشینیں کام کررہیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ کورونا ختم نہیں ہوا اب لاک ڈائون میں نرمی دی گئی ہے تا کہ کاروبار زندگی چلتا رہے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں رش کے اثرات نظر آ رہے ہیں پورے آزادکشمیر میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں منتخب نمائندوں کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ خود بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور عوام کو بھی اس کی ترغیب دیں آزاد کشمیر میں ہوم آئسولیشن کی پالیسی لائی جا رہی ہے جس کے تحت رضا کارانہ بنیادوں پر کوئی اپنے گھر رہنا چاہے تو اسے اجازت ہو گی تا ہم محکمہ صحت اس حوالے سے ایس او پیز طے کرے گا ٹرانسپورٹ کو کھول رہے ہیں لیکن احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوںکو جرمانے ہوں گے اور اس معاملے میں کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی بیرون ملک سے واپس آنے والے تارکین وطن کے حوالے سے عمران خان سے بھی بات کی ہے کہ آزادکشمیر کے لوگوں کی فلائٹس لاہور اور اسلام آباد رکھی جائیں ۔

ائیرپورٹس پر آزادکشمیر حکومت ڈیسک بنائے گی اور باہر سے آنے والے پرائیویٹ ٹیسٹ کروا کر بھی واپس جا سکیں گے ۔سیاحت کے حوالے سے جلد اجلاس بلایا جائے گا ۔سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ،پولیس ،انتظامیہ ،محکمہ صحت نے بہترین کام کیا ۔کورونا فوکل پرسن ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی بھی متحرک رہے اور عوام تک اس حوالے سے معلومات پہنچاتے رہے ۔ آزادکشمیر میں لاک ڈائون میں دی جانے والی نرمیوں کا دوست احباب پھر جائزہ لیں گے اگر عوام نے تعاون نہ کیا تو پھریہ نرمیاں واپس بھی ہو سکتی ہیں پبلک مقامات پر ماسک کے بغیر آنے والے شخص کو جرمانہ کیا جائے گا ۔

علمائے کرام جمعہ کے خطبات میں کورونا وائرس سے بچنے کے حوالے سے لوگوں میں شعور و آگاہی پھیلائیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں مخیر حضرات کی جانب سے وینٹی لیٹر اور دیگر سامان عطیہ کرنے اور رمضان المبارک میں مستحقین کی مدد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ اس دوران سابق وزیر حکومت چوہدری سعیدکے کردار کو بھی سراہتے ہیں ۔