Live Updates

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں حفاظتی ایس او پی کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا گیا

بدھ 3 جون 2020 22:37

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقدہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں حفاظتی ایس او پی کا بھرپور خیال رکھتے ہوئے سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا گیا ۔ کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں ۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیرکابینہ کا یہ اجلاس دنیا بھر میں کرونا کی وباء سے متاثرہ افراد کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیرکی کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کی بروقت کوششوں اور تا حال حاصل نتائج پر مکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ کرونا وبا کے خاتمہ تک حکومت عوام کی جانوں کی حفاظت کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات کو بروئے کار لائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس لاک ڈاون سے متاثرہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افرادکے لیے امدادی پیکج فراہم کرنے پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔اجلاس توقع کرتا ہے کہ مستقبل میں بھی اس عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کی۔سربراہی میں عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کئے جاتے رہیں گے ۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیلی اور کرونا کی وبا کی آڑ میں تین لاکھ ہندووں ،سابق فوجیوں اور دیگرافراد کو ریاستی ڈومیسائل دینے تاکہ مقبوضہ ریاست میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کیے جانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اجلاس بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیلی کواقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور اس سلسلہ میں کیے گئے بروقت اور تاریخی اقدامات کو بھرپور سراہتا ہے۔

اجلاس کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے کیے گئے بروقت لاک ڈائون ، ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذاور نئے تعمیر ہونے والے وزیر اعظم ہائوس ، MLAہاسٹل ، آفیسر کلب مظفرآباد سمیت دیگر سرکاری عمارات کو عوام کی سہولت کی خاطر قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن سینٹر بنانے اورکرونا کمبیٹ فنڈ کے قیام پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس ہیلتھ اور پیرا میڈیکس شعبہ سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جوصف اول میں اس وباء کے خلاف فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اجلاس حکومتی احکامت پر عملدرآمد اور لاک ڈائون کے دوران بہترین خدمات انجام دینے پر انتظامیہ ،پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کی فعال کارکردگی کو سراہتا ہے ۔ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند مجاہد کمانڈر ریاض احمد نائیکو،جنید صحرائی اور غازی حیدر کی عظیم شہادت پر انھیں سلام پیش کرتا ہے اجلاس واضح کرتا ہے کہ کمانڈر ریاض نائیکو،جنید صحرائی اور غازی حیدر کی شہادت سے کشمیری عوام کی بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد دبے گی نہیں بلکہ مزید تیز تر ہو گی اور اس سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے الحاق کی منزل مزید قریب آئے گی۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس یوم تکبیر کے حوالے سے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملک کا وقار بلند کرنے پر قائد پاکستان تین بار عوام کے منتخب وزیراعظم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد نے اسوقت تمام تر بین الاقوامی دباو کو خاطر میں نہ لاتے ہوے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جبکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا کر قوم کے مورال کو بلند کیا جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔

یہ قائد پاکستان کے فیصلے کا اثر تھا جس نے بھارت کو بیک فٹ پر کر دیا جس سے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہا ۔ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری ہندوستانی قابض فورسز کی بے گناہ شہریوں کے خلاف کارروائیوں ، حریت رہنماوں محمد یاسین ملک ،آسیہ اندرابی،شبیر شاہ کی طویل المدت گرفتاریوں ،بزرگ رہنما سید علی گیلانی کی نظر بندی ،گھرگھر تلاشیوں ،کالے قوانین کے تحت صحافیوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کی بھی مذمت کرتا ہے۔

اجلاس بھارتی مظالم کے سامنے بر سرپیکار نہتے کشمیریوں کو بھی سلام پیش کرتا ہے۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس عید الفطر سے دو روز قبل کراچی میں PIAکے طیارہ سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند ی درجات کیلئے دعا کرتا ہے۔ اجلاس وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر میں کرونا وبا سے متاثر ہونے والے کم آمدن متاثرین کو احساس پروگرام کے تحت بروقت مالی امداد اور دیگر حفاظتی سامان فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہے۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے پھیلائوکی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کرتے ہے کہ بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو طبی سہولیات فراہم کرے۔ اجلاس کرونا کی وباء کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے اور ان کشمیریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس سیز فائر لائن پر ہندوستانی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف جاری بلااشتعال جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور دفاع وطن کی خاطر جانی و مالی قربانیاں دینے والے نہتے عوام اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والے بہادر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہے۔اجلاس بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے افواج پاکستان کے آفیسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتا ہے۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات