کووڈ۔19 کے پیدا کردہ بحران نے متعدد زندگیاں متاثر کیں، تمام نظام اور ادارہ جات بشمول اعلیٰ تعلیم پر برے اثرات مرتب کئے ہیں،

اِن ناگزیر تبدیلیوں کو ایچ ای سی اپنی استعداد کار اور خدمات کے معیار میں بہتری کیلئے بروئے کار لا سکتا ہے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری کا آن لائن آل سٹاف میٹنگ سے خطاب

بدھ 3 جون 2020 22:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) طارق بنوری نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کے پیدا کردہ بحران نے متعدد زندگیاں متاثر کر نے کے علاوہ تمام نظام اور ادارہ جات بشمول اعلیٰ تعلیم پر برے اثرات مرتب کئے ہیں تاہم اِن ناگزیر تبدیلیوں کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اپنی استعداد کار اور خدمات کے معیار میں بہتری کیلئے بروئے کار لا سکتا ہے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ای سی کی آن لائن آل سٹاف میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اس بحران کو اپنے نظام ہائے کار کو خودکار بنانے کیلئے استعمال کرنے کے حوالہ سے پرعزم ہے جس کے تحت جامعات، اساتذہ،اور طلباء کی درخواستوں کی پیروی کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ استعداد کار میں مزید بہتری کی طرف بڑھا جاسکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے ایچ ای سی کے تمام شعبہ جات کوہدایت کی کہ وہ موجودہ ضروریات کے مطابق ایچ ای سی کے تمام نظام ہائے کار کی تشکیل نو کے لیے اقدامات اٹھائیں اورتمام نظام ہائے کار میں شفافیت ، درستگی، اور آسانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایچ ای سی کے افعال میں کسی بھی کمی کی شناخت اور درستگی کے عمل کو تیزتر کیا جائے اورایچ ای سی کے دیگر پروگراموں خصوصاً ہائیر ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن اور ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو بروئے کار لاتے ہوئے آن لائن ریڈی نیس اور آن لائن رسائی کو یقینی بنائیں۔

ہائیر ایجوکیشن مینجمنٹ سسٹم اور اسٹیٹسٹیکل انفارمیشن یونٹ نے تمام فیکلٹی اراکین کا ڈیٹا بیس اکٹھا کر لیا ہے جبکہ سٹاف اور طلباء کے ڈیٹا بیس کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کو جانچ پرکھ اور امتحان کیلئے دوہرا نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی جا چکی ہے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔ چیئرمین نے لاک ڈائون کے دوران اسناد اور ڈگریوں کی تصدیق کے نظام کی آن لائن سہولت پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایچ ای سی کے اٹسیسٹیشن ڈویژن کو مستقبل میں اپنے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ دور دراز سے طلباء کو تصدیق کیلئے آنے کی مشقت سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسناد کی تصدیق اور ایکویلینس کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن یا ٹی سی ایس سرانجام دیا جائے گا تاکہ درخواست دہندگان کے لیے آسانی پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے اساتذہ اور ٹینیور ٹریک سسٹم کے فیکلٹی اراکین کے مسائل کے حل سے متعلق ایچ ای سی کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 2020ء کی تشکیل اور انعقاد جو کہ لاک ڈائون کے سبب آن لائن منعقد کیا گیا، پر نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کو مبارکباد دی۔

شرکاء کی طرف سے پروگرام پر بہت مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اکیڈیمی کو ہدایت کی کہ وہ ایچ ای سی اسٹاف اور دیگر عوام کیلئے ضروری سافٹ ویئر اور دوسری صلاحیتوں سے متعلق قلیل المدتی تربیتی پروگرام کا آغاز کرے اور سٹاف کو کمیونی کیشن، آئی ٹی، تجزیاتی اور قانونی صلاحیتوں کی بہتری کی تربیت دی جائے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے ایچ ای سی اور جامعات کے کچھ اسٹاف اراکین کے اہل خانہ اور عزیزواقارب کی کرونا کے سبب انتقال پر تعزیت کی اور ایچ ای سی اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ سختی سے حفاظتی تدابیر کو اپنائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے آپ، اپنے اہل وعیال ، پڑوسیوں اور ساتھیوں کی حفاظت کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کورونا میں مبتلا ہونے والے ایچ ای سی اسٹاف اراکین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اُن کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی آہستہ آہستہ اپنے اسٹاف کو دفتر بلانے پر غور کر رہا ہے تاہم اس حوالے سے خصوصی ہدایات و تدابیر پر عمل درآمد لازمی ہے۔