مہنگائی میں روز بروز اضافہ ضلعی انتظامیہ کی ناکامی ہے ، ہیومن رائٹس گروپ پاکستان

بدھ 3 جون 2020 23:06

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2020ء) ہیومن رائٹس گروپ آف پاکستان کے مرکزی وائس چیرمین ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی کمی کے باوجود اس کے ثمرات عوام کو نہ ملنے اور مہنگائی میں روز بروز اضافے کو ضلعی انتظامیہ اور پرائز کمیٹیوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنراورن پرا ئز کمیٹیاں غیر فعال ہوچکی ہیں جس کے سبب ناجائز منافع خور غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ، ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی کمی کی گئی اور گذشتہ تین ماہ کے دوران پٹرول 42 روپے اور ڈیزل 54 روپے کم ہو ا ہے لیکن اس کے ثمرات عوام کو ابتک نہیں مل سکے ہیں لیکن اس کے برعکس جب پٹرول پر 5 روپے بھی اضافہ ہوتا ہے تو مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان برپا ہو جاتا ہے ،انہوں نے کہاکہ اب تین ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں واضع کمی ہونے کے باوجود روز مرہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء خورد و نوش اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہونے کے بجائے اور مزید اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سمیت پرائز کنٹرول کمیٹیاں عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کے بجائے سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہے ہیں ،لہذا عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام اداروں کو اپنا اپنا کام کرنا ہو گا کیونکہ عوام پہلے ہی کرونا اور لاک ڈائون سے پریشان ہے اس صورتحال میں فوری طور پر ا شیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پاکر عوام کو ریلیف پہنچایا جائے