لاہور ہائیکورٹ نے راولپنڈی میں ڈھڈھوچہ ڈیم کے ٹھیکہ کی بولی کیلئے عائد شرائط کیخلاف درخواست پر ڈیم کی بڈنگ پراسیس کو عدالتی فیصلے سے مشروط کر دیا

بدھ 3 جون 2020 23:33

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے راولپنڈی میں ڈھڈھوچہ ڈیم کے ٹھیکہ کی بولی کیلئے عائد شرائط کیخلاف درخواست پر ڈیم کی بڈنگ پراسیس کو عدالتی فیصلے سے مشروط کر دیا فاضل عدالت نے ڈیم سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 17 جون تک ملتوی کردی فاضل عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم کا سہارا لے کر محکموں کو من مانی نہیں کرنے دی جاسکتی ڈیم کی تعمیر کا بڈنگ پراسیس شفاف ہونا چاہیے جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں ایسا کچھ نہیں ہے ، قانون کے مطابق کام کررہے ہیں جس پر فاضل عدالت نے کہا پھر تمام ریکارڈ طلب کرلیتے ہیں پتہ چل جائے گا۔

درخواست گذار ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم کا بڈنگ پراسیس غیر شفاف ہے تکنیکی بنیادوں پر شمولیت سے روکا جا رہا ہے ، محکمہ آبپاشی کے اس سے بڑے پراجیکٹ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گذار کی جانب سے کہا گیا کہ حکومت نے راولپنڈی ضلع میں ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ کیا ڈیم کے ٹھیکہ کیلئے ابتدائی بولی کی رقم تین ارب 80 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، کمپنی کو نوازنے کیلئے بولی کی شرائط سخت رکھی گئی ہیں ، عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے اور استدعا ہے کہ ٹھیکہ نیلامی کیلئے عائد کی گئی شرائط کالعدم قرار دے۔