ایل او سی پرکچھ عرصے سے صورت حال بہت تشویش ناک ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کا سب سے بڑا ڈراما پلواما ٹو تھا، دن کی روشنی میں گاڑی کو تباہ کیا گیا تاکہ شواہد نہ مل سکیں، بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے اسٹیج بنا رہا ہے، بھارت نے پاکستان کیخلاف کوئی جارحیت کی تو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائیگا: میجرجنرل بابر افتخار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 3 جون 2020 20:45

ایل او سی پرکچھ عرصے سے صورت حال بہت تشویش ناک ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2020ء) ایل او سی پرکچھ عرصے سے صورت حال بہت تشویش ناک ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کا سب سے بڑا ڈراما پلواما ٹو تھا، دن کی روشنی میں گاڑی کو تباہ کیا گیا تاکہ شواہد نہ مل سکیں، بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے اسٹیج بنا رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر پاکستان کیخلاف کوئی جارحیت کی گئی تو بھارت کو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائیگا، بھرپور طاقت سے جواب کا ایک مظاہرہ بھارت نے پچھلے سال دیکھ لیا تھا، خطے میں تمام دیرینہ معاملات کا تعلق بھارت کے ساتھ ہے، بھارت وہاں بھی مداخلت کر رہا ہے جہاں اس کی سرحدیں نہیں ملتیں، بھارت ہم پر لانچ پیڈ کا الزام لگاتا ہے، بھارت جو الزام لگا رہا ہے اس کے شواہد کا تو آج کل ہونا مسئلہ ہی نہیں ہے، بھارت سمجھ لے کسی بھی فوجی مہم جوئی کے نتائج بھی ہونگے۔

(جاری ہے)

میجرجنرل بابر افتخار نے مزید کہا ہے کہ بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے کئی بار خلاف ورزی کی جنہیں مار گرایا گیا، ایل او سی پر کچھ عرصے سے صورت حال بہت تشویش ناک ہے، پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے بھارت کو جواب دے رہی ہے، بھارت آگ سے نہ کھیلے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان یو این مبصر گروپ کو مکمل آزادی ہے پاکستان سائیڈ پر جہاں چاہیں آجا سکتے ہیں، پاکستان نے کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، عالمی میڈیا کو کئی بار ان علاقوں میں لے کر بھی جا چکے ہیں، بھارت بھی یواین مبصر گروپ، عالمی میڈیا کو رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں گی، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 7سال کے بچے کو بھی معاف نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو بعض محاذوں پر بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بھارت میں اسلاموفوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، بھارت نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی بھارت کو بڑی شرمندگی ہوئی ہے۔ میجرجنرل بابر افتخار نے بتایا کہ بھارت میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور بھارتی معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔